• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ پر فوکس، شان مسعود کی کنسلٹنٹ بننے سے معذرت، پیشکش اکتوبر میں کی گئی تھی

کراچی(عبدالماجد بھٹی)پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی درخواست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلئیرز افئیرزکی ذمے داریاں نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیسٹ کرکٹر نے چیئرمین محسن نقوی کی پیشکش کے بعد ان سے درخواست کی کہ ان کی کرکٹ باقی ہے۔میں کرکٹ پر فوکس کرنا چاہتا ہوںاس لئے مشکل ہے کہ کرکٹ کے ساتھ دوسرا کام کرسکوںآپ کا شکریہ کہ آپ نے مجھے اس قابل سمجھامحسن نقوی نے ان کا نکتہ سمجھنے کے بعد ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضع رہے کہ شان مسعود پاکستان کے اعلی تعلیم یافتہ کھلاڑی ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود نے محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور ان سے معذرت کرلی۔محسن نقوی چاہتے تھے کہ شان مسعود پڑھے لکھے اور کرکٹ کو سمجھنے والے ہیں اس لئے ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ شان مسعود اس وقت محسن نقوی اور دیگر کرکٹرز کے ساتھ امریکا میں پی ایس ایل روڈ شو میں شریک ہیں۔وہ وطن واپس آکر پریذیڈنٹ کپ میں شرکت کریں گے۔جنوبی افریقا کی ٹیسٹ سیریز کے بعد شان مسعود نے قائد اعظم ٹرافی میں کراچی بلیوز کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی۔ذرائع کے مطابق شان مسعود کو اکتوبر میں کنسلٹنٹ بنانے کی زبانی آفر کی گئی تھی، ان کی ٹیسٹ کرکٹ کی مصروفیت پیشکش واپس لینے کی وجہ بن رہی ہے۔شان مسعود کرکٹ کے ساتھ یہ پیشکش قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے تھے۔ان کے لیے کرکٹ کے ساتھ کنسلٹینسی لے کر چلنا مشکل تھا، پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آئندہ برس اہم سیریز کھیلنا ہیں۔مئی کے بعد پاکستان کو بنگلہ دیش،ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف کے خلاف اہم سیریز میں حصہ لینا ہے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے نئے سائیکل میں شان مسعود نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز ایک ایک سے برابر کی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹیسٹ ٹیم کے لئے نئے ہیڈ کوچ کی بھی تلاش ہے کیوں کہ جنوبی افریقا کی سیریز کے ساتھ اظہر محمود کا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ ختم ہوگیا ہے۔پی سی بی مستقل بنیادوں پر ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنا چاہتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید