قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے،اور جس کی زندہ مثال شاداب خان، حسن علی، حیدر علی، شاہنواز دھانی، محمد آصف اور حارث راؤف جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی کارگردگی سب کے سامنے ہے،اور سندھ حکومت کو بھی چاہئے کہ کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے پر توجہ دیں، یہ بات انہوں نے سنگم ٹرافی فائنل کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی کہی۔
اس موقع پرجمال انصاری، وصال انصاری، ایاز منشی، بابر بشارت، اقبال امام، وسیم طارق، انیس الرحمان، اور ایم نسیم بھی موجود تھے۔یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ سنگم، شاداب اور المنصورہ گراؤنڈ پر خود کھیلتا رہا ہوں اور آج مجھے سنگم گراؤنڈ پر آکر خوشی محسوس ہوئی، یہ وہ ہی گراؤنڈ ہے جس نے ماضی میں سکندر بخت، ہارون رشید، منصور اختر، اور دیگر کرکٹرز نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سنگم کرکٹ گراؤنڈ سندھ حکومت کی توجہ کا منتظر ہے، پی ایس ایل کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا، پی ایس ایل پاکستان کابرانڈ ہے، امرجنگ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے میں وقت درکار ہوتا ہے، امرجنگ کیٹگری سے نوجوان کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں، کرونا وائرس جیسے مشکل وقت میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا، میں امید کرتا ہوں کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا، میں امید کرتا ہوں کہ ان گراؤنڈز کو مزید بہتر بنانے میں یہاں کی انتظامیہ اور کمیٹی اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ مستقبل قریب میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کرے، بعد ازاں آصف فیلکن نے فائنل میں یو نائیٹڈ اسپورٹس کو2 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے مہمان خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان، سجاس کے صدر آصف خان، جوائنٹ سیکریٹری اصغر عظیم، جمال انصاری، وصال انصاری، اقبال امام، فرحت عباس، سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ،سندھ سینئر ویڑینز کے امجد علی، اور حسنین کاظمی،انیس الرحمان، مسعود لالا،سابق ڈائریکٹر فنانس سید حامد حسین بابر بشارت، ایاز منشی اور ایم نسیم کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔