اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر لوئر دیر میں عمران خان کا جلسہ الیکشن کمیشن کی پابندی کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ پبلک آفس ہولڈرز کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی پابندی کی خلاف ورزی ہوئی،بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن لوئر دیر جلسے میں شرکت پر عمران خان اور اس کی کابینہ کے افراد کو نااہل کرے۔ ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پبلک آفس ہولڈرز کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی واضح پابندی کی خلاف ورزی کے بعد الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا ہوگا۔