• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کے تدارک کے لئے، کمشنر پشاور ڈویژن خود متحرک ہو گئے

پشاور(جنگ نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ڈینگی کے تدارک کے لئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود از خود متحرک ہو گئے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے اتوار چھٹی کے روز ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور، اے ڈی سی عمران یوسف زئی، ٹی ایم او ٹاؤن تھری اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ گزشتہ سال ڈینگی سے شدید متاثرہ علاقے تہکال کادورہ کیا اور ڈینگی کے تدارک کے لیے صفائی، آگاہی مہم اور دیگر اقدامات کا معائنہ کیا کمشنر پشاور ڈویژن نے خود گھر گھر جاکر عوام کو آگاہی دی اور احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ تقسیم کیے جبکہ تہکال کے علاقے میں قائم فری میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور موقع پر موجود عوام سے معلومات حاصل کی کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور بخار کی صورت میں فری میڈیکل کیمپ میں ضرور اپنی چیک اپ کرائیں تاکہ ڈینگی بخار کی صورت میں ان کا فوری علاج کیا جاسکے اور مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔کمشنر پشاور ڈویژن نے ڈبلیو ایس ایس پی او ٹی ایم او کو بھی سخت ہدایات جاری کیں کے لاروے کی افزائش کو روکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر صورت میں لاروے کی افزائش کو روکا جائے علاقے کے عوام نے کمشنر پشاور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے درمیان موجود پا کر خوشی کا اظہار کیا اور ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات پر بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور اپنی جانب ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پشاور سے مزید