کوئٹہ (این این آئی) سیکرٹری پاپولیشن ظفر علی بلیدی، ڈی جی پاپولیشن غلام مصطفیٰ، یو این ایف پی اے کی سعدیہ عطاء اور دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ محکمہ پاپولیشن تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیملی پلاننگ سے متعلق اشیاء کی مقدار بندی مضبوط بنانے کیلئے کام کر رہا ہے، تیز رفتار آبادی میں اضافے کے ساتھ وسائل میں متوازن اضافہ نہ ہونے کی صورت میں معاشی و سماجی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، اس لیے بڑھتی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔مقامی ہوٹل میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور یو این ایف پی اے کے زیر اہتمام فیملی پلاننگ اشیاء کی مقدار بندی اور کموڈیٹی ضرورت ٹول (سی آر) ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ظفر علی بلیدی نے کہا کہ ملکی آبادی اور ترقی کے تناظر میں جامع قومی حکمت عملی کیلئے وفاقی حکومت کے زیر نگرانی قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے، جو وفاقی و صوبائی پالیسیوں میں ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا قیمتی سرمایہ بن سکتی ہے، بشرطیکہ اسے معیاری تعلیم، فنی تربیت، جدید مہارتیں، بہتر طبی سہولیات اور باعزت روزگار فراہم کیا جائے۔