پشاور (نیوز رپورٹر) احتساب عدالت پشاور نے اپر کوہستان سکینڈل میں گرفتار ملزم شفیق الرحمن قریشی کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔ درخواست کی سماعت احتساب عدالت کے جج کلیم ارشد خان نے کی۔دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب قانون کے تحت انکوائری یا تفتیش چھ ماہ کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے، تاہم نیب مقررہ مدت میں تفتیش مکمل کرنے میں ناکام رہا، اس لیے ملزم ضمانت کا حقدار ہے۔نیب پراسیکیوٹر منظور عالم نے دلائل دیے کہ آئین کے سیکشن 254 کے تحت مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے سے کارروائی خودبخود کالعدم نہیں ہوتی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش میں محض تاخیر کی بنیاد پر کارروائی غیر مؤثر قرار نہیں دی جاسکتی، جبکہ اس حوالے سے ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔عدالت نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل سننے کے بعد ملزم شفیق الرحمن قریشی کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔