بھارتی اداکار ارشد وارثی نے اپنے شہرہ آفاق کردار ’سرکٹ‘ کو احمقانہ قرار دیا اور کہا کہ منا بھائی ایم بی بی ایس صرف سنجے دت کی وجہ سے کی۔
ارشد وارثی جن کی نئی ’بچن پانڈے‘ 18 مارچ کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں اکشے کمار، جیکولین فرنینڈس اور کریتی سینن اداکاری کے جوہر دکھارہی ہیں۔
فلم منا بھائی ایم بی بی ایس 2003ء میں ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر سپر ہٹ رہی، فلم میں سنجے دت نے مرلی پرساد شرما عرف ’منا بھائی‘ جبکہ ارشد وارثی نے سرکیشور شرما عرف’سرکٹ‘ کا کردار ادا کیا۔
راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کے یہ دونوں ہی کردار سپر ہٹ رہے تھے، ارشد وارثی کی بھرپور اداکاری نے سرکٹ کے کردار میں جان ڈال دی، جسے مداحوں نے خوب پسند کیا۔
ارشد وارثی کو اس شاندار پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا، انہوں نے 2006ء میں فلم کے سیکوئل ’لگے رہو منا بھائی‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، لیکن اب 19 سال بعد اداکار نے انکشاف کیا کہ سرکٹ کا کردار احمقانہ تھا، اگر فلم میں سنجے دت نہ ہوتے تو میں اسے ہر گز قبول نہ کرتا۔
اداکار نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے منا بھائی ایم بی بی ایس صرف سنجے دت کی وجہ سے کی، راج کمار ہیرانی بھی جانتے تھے کہ سرکٹ کا کردار احمقانہ ہے، اس کردار کو مکرند دیش پانڈے بھی ناں کہہ چکے تھے۔
ارشد وارثی نے کہا کہ مرکزی کردار کے سے ہٹ کر فلم کے اسکرپٹ کی طاقت ہی ہے، جو انہیں بتاتی ہے کہ کردار قبول کرنا ہے یا مسترد کرنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں اسکرپٹ کو ایک سامع سمجھ کر سنتا ہوں، پھر میں سوچتا ہوں کہ میں کیا دیکھنا چاہوں گا؟ یہ کوئی صنف یا کچھ بھی ہوسکتی ہے جسے ناظرین دیکھنا چاہیں گے۔
اداکار نے مزید کہا کہ کہانی سننے کے بعد یہ دلی احساس ہی ہوتا ہے جو آپ کو بتاتا ہے کہ فلم کرنی چاہیے یا نہیں۔