• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی سندھ ہاؤس پر بڑا ایکشن کرنے کی تیاری

حکومت نے سندھ ہاؤس پر بڑا ایکشن کرنے کی تیاری کر لی، اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس سے بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ ہاؤس میں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے، اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، ہم اس پر ایک بڑا ایکشن پلان کر رہے ہیں۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ سندھ ہاؤس پر ریڈ کرنے جا رہے ہیں؟

’’ریڈ کا نہیں پتہ مگر سخت ایکشن ہو گا‘‘

فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ریڈ کا نہیں پتہ مگر سخت ایکشن ہو گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ 12 بندے ڈھونڈ رہے ہیں؟

وزیرِ اطلاعات نے جواب دیا کہ 12 بندوں کا ہمیں پتہ ہے، ڈھونڈنا کیا ہوتا ہے، اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، جس طرح سے منڈیاں لگ رہی ہیں آئین کے خلاف ہے، ہارس ٹریڈنگ کے خلاف مضبوط ایکشن پلان کر رہے ہیں۔

’’چھوٹا ڈان کہتا ہے بغیر PTI کے حکومت بناؤ‘‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چھوٹا ڈان کہتا ہے کہ ملک میں قومی حکومت بناؤ جس میں پی ٹی آئی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کہنے سے منع کیا گیا ہے، ڈیزل نہ کہیں، عقل کے اندھے کہتے ہیں کہ ڈاکوؤں کی حکومت بناؤ جو چوروں کو بچائے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ بین الااقوامی سامراج کے ایجنٹ کون ہیں، اپنے بچوں کو ڈاکوؤں اور چوروں کے حوالے نہیں کریں گے۔

’’سندھ ہاؤس میں بولیاں لگ رہی ہیں‘‘

ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں بولیاں لگ رہی ہیں، لوگ اپنا ضمیر بیچ رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ڈی چوک پر کر کے دکھائیں گے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میں نے نہیں کہا کہ 10 لاکھ لوگ اپوزیشن کو ماریں گے، 10 لاکھ لوگوں کے ڈر سے اپوزیشن بے ہوش ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس انصار السلام جیسی فوج نہیں، جب شریف بدمعاش بنتا ہے تو بڑے بڑوں کی بدمعاشی نکل جاتی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ انصاف شریف لوگوں پر مشتمل ہے، وزیرِاعظم عمران خان نوجوانوں کے مستقبل کی امید ہیں، انسانوں کو خچروں اور گھوڑوں کی طرح بیچا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید