پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سامنے آگئے ہیں اور ایسے میں اداکار عمران عباس نے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
عمران عباس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں اپنی تصویر شیئر کی۔
اداکار نے وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان ہی پاکستان کے عوام کے بہتر مستقبل کی آخری اُمید ہیں۔
اُنہوں نے اپنی اگلی انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ اسلام آباد کے جلسے میں آرہے ہیں؟
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اپنے ایک پیغام میں عوام سے جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کی تھی۔
رات گئے اپنے آڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج جو جلسہ ہورہا ہے، یہ تحریک انصاف کی نہیں، پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔