فلموں اور ڈراموں کے سپر اسٹار احسن خان، بین الاقوامی شہرت یافتہ مزاحیہ فنکار ایاز خان اور گلوکار عدیل برکی نے فنڈ ریزنگ کےلیے برطانیہ کے مختلف شہروں میں لاجواب پرفارمنس دے کر کروڑوں روپے سیلاب زدگان اور انڈس اسپتال کے لیے اکٹھا کر چکے ہیں۔
فلم اسٹار احسن خان نے لندن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کئی شہروں کا دورہ کر چکے ہیں، ہمیں شاندار رسپانس مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت برطانیہ میں شوز کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستان بڑھ چڑھ کر فنڈ ریزنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ایاز خان کا کہنا ہے کہ فنکاروں نے دکھی انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ہمیں برطانیہ میں 18 شہروں میں شوز کرنے ہیں، چند ایک شہر باقی رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احسن خان کے ساتھ سفر کرکے احساس ہوا کہ وہ اچھے انسان ہیں، دوران سفر انہوں نے ہمارا بہت خیال رکھا، عدیل برکی کی آواز کا جادو بھی چل رہا ہے۔