• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمی ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ زیوری ہل سے عامر سجاد کی ملاقات

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ، ہوسٹ اور پروڈیوسر زیوری ہل سے صدر کومک کون پاکستان سید عامر سجاد نے یونیورسل اسٹوڈیو ہالی ووڈ لاس اینجلس میں خصوصی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں آئندہ سال کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے ’کومک کون پاکستان‘ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدرِ کومک کون پاکستان سید عامر سجاد نے زیوری ہل کو باضابطہ طور پر اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی، جسے اداکارہ نے نہایت خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ قبول کر لیا۔

زیوری ہل نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی کہ پاکستان میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر کومک کون کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو گا اور دنیا بھر سے شوبز اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فنکاروں کو اکٹھا کرے گا۔

سید عامر سجاد نے ان کو بتایا کہ وہ اس وقت ہالی ووڈ موویز کے سب سے بڑےکلیکٹر ہیں جس میں ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر موویز کے نایاب پیسز شامل ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کومک کون پاکستان کے میسکوٹ سپر ہیرو پاکستان کو متعارف کروایا جس کو دیکھ کر وہ بہت زیادہ متاثر ہوئیں اور اس سے بھی زیادہ وہ اس چیز سے متاثر ہوئیں کی کہ سپر ہیرو پاکستان پر بننے ولی فلم اس وقت ہالی ووڈ میں پری پروڈکشن کے فیزمیں داخل ہو چکی ہے اور اگلے سال اس کی پروڈکشن نیو یارک میں متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ کومک کون پاکستان ناصرف ملکی ثقافت و فنون کی نمائندگی کرے گا بلکہ دنیا بھر کے فنکاروں اور تخلیق کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ملک کے مثبت اور روشن چہرے کو اجاگر کرے گا۔

یہ ایونٹ آئندہ سال کراچی ایکسپو سینٹر میں آئندہ سال31 جنوری 2026ء کو منعقد ہو گا جس میں شوبز، ٹیکنالوجی اور تخلیقی صنعتوں سے تعلق رکھنے والے مقامی و بین الاقوامی فنکار و تخلیق کار شریک ہوں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید