لندن (پ ر) پاکستان میں میری ہی فیملی ہر بار قربانی کےلیے کیوں اور پاکستان میں غریب اور پسے ہوئے طبقے کی بات کرنے والے کو کیوں مار دیا جاتا ہے؟ ان خیالات کا اظہار محترمہ صنم بھٹو نے پیپلزپارٹی یورپ کے تحت قائد عوام، فخر ایشیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 43ویں برسی کے موقع پر آن لائن خطاب میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بڑی سوچ رکھتا ہے اور اپنی محنت سے کامیاب ہوگا۔برسی کا اہتمام اور میزبانی کے فرائض ابرار میر، سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ نے ادا کیے۔ محترمہ صنم بھٹو نے بھٹو خاندان کی پاکستان محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد نے ہم سب کو سارا پاکستان دکھایا پھر کہا کہ یہی آپکا وطن ہے اور تعلیم حاصل کرکے کسان، ہاری اور غریب کیلئے کام کریں۔ ابرار میر کے سوال پر کہ آپ اپنی عظیم فیملی کے شہدا کو کیسے اور کب کب یاد کرتی ہیں صنم بھٹو نے کہا میں تو انہیں ہر لمحہ نہ صرف یاد کرتی ہوں بلکہ بڑے کرب اور شدت سے انکی کمی محسوس کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بہت محنت کی اور کامیاب ہوگا کیونکہ وہ بینظیر بھٹو جیسی بہادر ماں کا بیٹا ہے اور پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے۔ صنم بھٹو نے یہ بھی کہا کہ مجھے ہر وقت آصفہ بھٹو، بلاول بھٹو اور فیملی کی فکر ہوتی ہے کیونکہ میری فیملی کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔ صنم بھٹو نے پاکستان کی ترقی اور غریب عوام کیلئے دعا کی اور کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے اور مجھے اپنے ملک سے پیار ہے اور بالآخر مجھے وہیں جانا ہے۔ فیس بک اور یوٹیوب پر جیالوں نے صنم بھٹو کی موجودگی میں اپنے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔محترمہ صنم بھٹو نے تمام جیالوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اکھٹے ہوکر میرے بھتیجے کا ساتھ دیں تاکہ وہ ہاری، کسان اور غریب کی زندگی آسان کرے اور شہید بھٹو اور شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کا ادھورا مشن پورا کر سکے۔