ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے بھی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر انٹری دے ڈالی۔
قاسم سوری نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اب تک صرف دو ویڈیوز شیئر کی ہیں، ایک 3 اپریل کو تحریکِ عدم اعتماد کی رولنگ پڑھتے ہوئے جبکہ دوسری اسی دن اسمبلی میں آتے وقت کی ہے۔
ٹک ٹاک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسمبلی میں اسپیکر کی سیٹ سنبھالنے سے قبل وہ پرویز خٹک اور مراد سعید سے بھی ملے۔
ٹوئٹر پر اپنی ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے قاسم سوری نے ہیش ٹیگ ’پاکستان زندہ باد‘ لکھا ۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک پاکستان میں متعدد بار معطل ہونے کے باوجود سب سے سے زیادہ پسند کی جانے اور والی اور ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ ہے۔
شوبز ستاروں ہوں یا سیاستدان، کھیل کے میدان کی معروف شخصیات ہوں یا دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات سب ہی ٹک ٹاک استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسد عمر سمیت دیگر سیاستدان بھی ٹک ٹاک پر موجود ہیں۔
ٹک ٹاک پر دیگر کرکٹرز، شوبز ستارے بھی کافی متحرک ہیں، حسن علی کی ٹک ٹاک ویڈیوز کے بھی خوب چرچے رہتے ہیں۔
ملک میں قومی اسمبلی ختم اور وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی، ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے۔
گزشتہ اتوار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کو پاکستان کے اندرونی معاملات ، پارلیمانی کارروائی میں بیرونی مداخلت اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردی تھی اوراجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا۔