کوئٹہ(پ ر)وفاقی محتسب کے اعلامیہ کے مطابق خضدار کے رہائشی ایاز احمد نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) خضدار کے خلاف وفاقی محتسب میں ایک شکایتی درخواست دی جس میں درخواست گزار / شکایت کنندہ نے کہا کہ نادرا خضدار کے اسٹاف کا رویہ آفس آنے والے درخواست گزاروں کے ساتھ انتہائی ناروا اور غیر مناسب رہتا ہے آفس میں سہولیات کا فقدان ہے سردی اور گرمی سے بچنے کے لئے کوئی انتظام نہیں ،مرد اور خواتین کے لئے انتظار گاہ کا کوئی بندوبست نہیں سونے پر سہاگہ یہ کہ اسٹاف کا رویہ ٹھیک نہیں ہے انتہائی بدتمیزی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ جب یہ معاملات نادرا کے اعلیٰ افسران کے گوش گزار کئے گئے تو انہوں نے بھی اس کا کوئی خاص نوٹس نہیں لیا اس کے بعد یہ معاملہ کوئٹہ کے مجاز حکام کے علم میں لایا گیا مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ان تمام معاملات پروفاقی محتسب سے فوری ایکشن کی اپیل پر وفاقی محتسب نے فوراً نادرا کوئٹہ سے نہ صرف جواب طلبی کی بلکہ خضدار آفس آنے والے تمام خواتین و حضرات کو تمام سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا جس کے جواب میںنادرا کوئٹہ آفس نے خضدار آفس کے ذمہ داروں کو نوٹسز بھی جاری کردیئے اور آفس آنے والے تمام خواتین و حضرات کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیئے۔ فوری نوٹس بروقت کارروائی اور انصاف ملنے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔