مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا مشارتی اجلاس بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی زیر صدارت اولڈھم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی اینڈریوگوئن ایم پی چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر تھے۔ تحریک کی برطانیہ کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار، انفارمیشن سیکرٹری برطانیہ یاسمین عالم، چیئرمین برائے نوجوانان ذیشان عارف، گریٹر مانچسٹر کی سیکرٹری فرزانہ افضل خان، سابق میئر اولڈھم کونسلر شعیب اختر، کونسلر محمد الیاس ، کونسلر عقیل سلامت، کونسلر آفتاب حسین، کونسلر ایلیسن گائن، سابق کونسلر محمد شریف، نغمانہ کنول شیخ ، ظفر اقبال ایڈووکیٹ، راجہ راشد حسین، طاہر افسر ڈربی، ڈاکٹر عندلیب یونس، حنا یونس، آمنہ ڈار ویمن یوتھ ونگ مانچسٹر و دیگر نےاجلاس میں شرکت کی۔ اینڈریو گوئن ایم پی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقو ق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے لئے ماضی میں بھی جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور مستقبل قریب میں وہ پاکستان اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ تحریک کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر اپنی پارٹی کے اندر اور برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور مستقبل میں ہونے والی لیبر پارٹی کانفرنس میں بھی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی بھرپور کوششیں اور کوشیں جاری رکھیں گے اوراپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہر ہ بھی کریں گے۔ اُنہوں نے تمام تحریکی عہدیداروں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ ہر وقت نہ صرف اُن کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں بلکہ تحریکی عہدیدارمقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس ہر سطح تک پہنچانے کیلئے اپنا متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے اجلا س میں نو منتخب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو مبارک باد دی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست کے انتشار کو دیگر ممالک کی سطح تک نہ پھیلایا جائے کیوں کہ اس طرح سے نہ صرف پاکستان کا مثبت امیج خراب ہوتا ہے بلکہ تحریک آزادی کشمیر پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ پاکستان کی تمام سیاسی و دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کوپوری دنیا میں اُجاگر کرتے چلے آ رہے ہیں اور مستقبل میں بھی پاکستان میں قائم ہونے والی ہر حکومت اور ہر سیاسی جماعت کے عہدیداران اور ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر بھی کرتے رہیں گے اور مسئلہ کشمیر کو پرامن حل تلاش کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں، خواتین کی جماعتیں، نوجوانوں کی جماعتیں سب مل کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی برطانیہ میں جاری سرگرمیاں نہ صرف رمضان المبارک کے مہینے میں جاری رہیں گی بلکہ اگلے تین مہینوں تک سرگرمیاں تیزی کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور تمام تقریبات میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں، کونسلروں، لارڈمیئرز و دیگر اہم ترین شخصیات کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ بریگزٹ کے بعد یورپی ممالک میں بھی تحریک کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے گے اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو متحرک کیا جائے گا اور یورپی پارلیمنٹ، یورپ ممالک کے دالحکومتوں میں اور دیگر ایوانوں تک رسائی حاصل کی جائے گی اور تحریکی تقریبات اور سفارتی اجلاسوں کا دائر ہ وسیع تر کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کورونا وائرس عالمی موذی وباء کی خاتمے کے بعد یورپی پارلیمنٹ میں اپنی لابی کو انتہائی حد تک متحرک کرے گی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی ممبران برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر، خواتین تنطیموں کے ساتھ مل کر اور نوجوانوں کی تنظیموں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں مضبوط اور موثر کردار ادا کیا جائے گا۔ اس موقع پر خواتین عہدیداروں اور نوجوانوں نے راجہ نجابت حسین کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو ہر سطح تک اُجاگر کرنے کا عزم کیا اور راجہ نجابت حسین کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جاری کوششوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ تحریکی عہدیداروں نے کہا کہ وہ کشمیری قوم کے حق خو د ارادیت کے لئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے آواز بلند کی جاتی رہے گی اور جب تک جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اُس وقت تک ہماری سرگرمیاں جاری رہیں گی اور ہم ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُٹھاتے رہیں گے۔