• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست کو عمران خان سے ایک فتنے کی طرح نمٹنا ہوگا،مریم نواز

لاہور(نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے خطرناک کھیل کھیلا،یہ شخص اپنی کرسی کی خاطر کسی حد تک بھی جا سکتا ہے،جس طرح یہ فساد پھیلانے کی تیاری کر رہا ہے، ریاست کو اس سے ایک فتنہ کی طرح نمٹنا ہو گا، اداروں پر حملے اور جلائو گھیرائو کا سبق بھی جلد انتخابات کیلئے دبائو بڑھانے کا حربہ ہے،عمران نے 4 سال میں ملک کے ہر شعبہ میں تباہی مچائی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی پریس کانفرنس کے بعدٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں، یہ شخص کسی بھی رحم یا رعایت کا مستحق نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جس طرح سے عمران نے 4 سال میں ملک کے ہر شعبہ میں تباہی مچائی، ملک کو ہر سطح پر نقصان پہنچایا،جس ڈھٹائی سے آئین شکنی کی اور عدلیہ کے احکامات اور قانون کا مذاق بنایا، انہیں پائوں تلے روندااور اب جس طرح وہ فساد پھیلانے کی تیاری کر رہا ہے، ریاست کو اس سے ایک فتنہ کی طرح نمٹنا ہو گا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ قوم یہ جان لے کہ امریکی خط ڈرامے کی وجہ عمران خان کے حامی ایک شخص کے خلاف متوقع فیصلہ ہے کیونکہ وہ جس الزام میں پکڑا گیا ہے اس گھپلے میں عمران خان بھی شریک ہے، عمران نے اس سے لاکھوں ڈالر زغیر قانونی طور پر لیے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔انہوں نے کہا کہ کان کھول کے سن لو،تمہاری غنڈہ گردی اور دھمکیاں اب تمہاری اپنی تباہی کا باعث بنیں گی، اپنی حکومت نا سنبھال سکا، اپنی پارٹی نا سنبھال سکا اور اس کی باتیں سن لو،تمہارا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ۔علاوہ ازیں مریم نواز نے جاتی امرا میں ملک کے معروف ٹک ٹاکرز نے ملاقات کی جس میں حالیہ سیاست سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔

ملک بھر سے سے مزید