• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حرمین شریف کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا بند کریں: شفاعت علی

مسجد نبوی ﷺ میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر صحافی، کامیڈین و میزبان شفاعت علی کی جانب سے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

شفاعت علی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پہلے نواز شریف پر حرم میں ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگائے گئے پھر عمران خان پر حرم میں ’زکوٰۃ چور‘ کے نعرے لگائے گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ اب شہباز شریف اور کابینہ کے در نبی ﷺ پر بال نوچے گئے، گالیاں دی گئیں، ’چور چور‘ کے نعرے لگائے گئے۔

میزبان نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریف کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنا بند کریں اور خدا سے ڈریں۔

واضح رہے کہ سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی تقدس کی پامالی کردی گئی، مسجد نبویؐ کی زیارت کے موقع پر بعض افراد کابینہ اراکین کیخلاف نعرے بازی پر اتر آئے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا تو وہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے اُن کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔

اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کچھ افراد کو چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید