• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی دھماکے کے پیچھے پاک چین دوستی کے مخالف ممالک ہیں، صدر علوی

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی دھماکے کے پیچھے پاک چین دوستی کے مخالف ممالک ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس گھنائونے واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا، صدر مملکت نے چین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہفتہ کو یہاں چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا اور 26 اپریل 2022ءکو کراچی میں رونما ہونے والے دہشت گرد ی کے حملہ میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چینی سفارتخانہ کی ناظم الامور پینگ چونچوئی اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ پر پوری پاکستانی قوم کو گہرا رنج اور صدمہ ہے اور وہ اپنے چینی بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ صدر مملکت نے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دشمنوں کےمخاصمانہ عزائم اس کے پیچھے ہیں جو پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچا نا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے ان عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی استوار ہے اور وہ سدا بہار دوستی کو مزید تقویت دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید