کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراء سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی جارہی ہیں۔ صوبہ سندھ میں اس حوالے سے مختلف تقاریب روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہورہی ہیں تمام محکموں کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ہر شہر اور اضلاع میں اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزرا نے جمعرات کے روز تاریخی فریئر ہال کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت 8 سے 10 اگست تک شروع ہونے والے ’’ آزادی فیملی فیسٹیول‘‘ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے رحمت اللہ شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر کراچی رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر احمد مرتضٰی، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزرا نے بتایاکہ 11 سے 13اگست تک شارع قائدین پر ’’آزادی قائدین کے ساتھ‘‘ کے عنوان سے تقریبات کا آغاز کیا جارہا ہے اور 14اگست کو کینٹ اسٹیشن سے زیرو پوائنٹ چھور تک مفت آزادی ٹرین چلائی جائے گی، یہ تقریبات ہم بغیر کسی سیاسی تفریق کے منا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ خوشی کے اس موقع پر ان تقریبات کو ہم اپنے تمام سیاسی نظریات کو ایک طرف رکھ کر ایک قوم اور ملت بن کر منائیں۔ صوبائی وزراء نے اس موقع پر فریئر ہال میں قائم تاریخی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود کتابوں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔