اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے زون 3 اور زون 4 میں واقع 99 غیر قانونی ہاؤسنگ اور ایگرو فارمنگ اسکیموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان اسکیموں میں پلاٹوں کی خرید و فروخت سے گریز کریں۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ان اسکیموں نے نہ تو سی ڈی اے سے کوئی باضابطہ منظوری حاصل کی ہے اور نہ ہی ماسٹر پلان، زوننگ ریگولیشنز یا دیگر متعلقہ قوانین کی پیروی کی ہے۔ یہ اسکیمیں غیر قانونی طریقے سے اشتہارات و مارکیٹنگ کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر اتھارٹی نے ان اسکیموں کے اسپانسرز اور مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں ملک سے فرار ہونے سے روکا جا سکے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔۔سی ڈی اے نے عام عوام کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی اسکیموں میں پلاٹوں کی خرید و فروخت سے گریز کریں ۔