لندن (پی اے) ارب پتی عیسیٰ بر ادرز میک کولز کی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کنویننس چین کو بچانے کے لئے متحرک ہیں۔پی ڈبلیو سی کمپنی ایڈمنسٹریٹر بننے کے لئے تیار ہیں۔ میک کولز کی طرف سے اپنے ملازمین کو لکھے گئے خط میں، جسے بی بی سی نے دیکھا، فرم نے کہا کہ اسے امید ہے کہ تمام عملہ نئے مالک کو منتقل ہو جائے گا۔ میک کولز اس وقت اپنے 1100 اسٹورز میں 16000 افراد کو ملازمت فراہم کر رہی ہے۔ عیسیٰ برادرز سپر مارکیٹ چین ایسدا کے بھی شریک مالک ہیں جبکہ ای جی گروپ برطانیہ، آئرلینڈ، یورپ، آسٹریلیا اور امریکہ میں ہزاروں پیٹرول اسٹیشنز اور کنویننس شاپس کا مالک ہے۔ پیر کی صبح جب عدالتیں دوبارہ کھلیں گی تو اکاؤنٹنسی فرم پی ڈبلیو سی کو ایڈمنسٹریٹر کے طور پر مقرر کئے جانے کی توقع ہے کیونکہ کوئی بھی فروخت تب ہی مکمل ہو سکتی ہے جب منتظمین کا باقاعدہ تقرر ہو جائے۔ قبل ازیں ایک بیان میں میک کولز نے کہا ہے کہ پی ڈبلیو سی جلد سے جلد خریدار کی تلاش کا ارادہ رکھتی ہے۔ سکاٹش فٹ بالر کی کارنر شاپ کنگ میک کولز کی کنویننس اسٹور چین تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، یہ بات اس وقت سامنے آئی جب سپر مارکیٹ چین موریسن نے چین کو محفوظ رکھنے کی کوشش کے لئے ایک ریسکیو ڈیل کی تجویز پیش کی۔ تاہم قرض دہندگان نے اسے مسترد کر دیا، موریسن پہلے سے ہی میک کولز کے ساتھ شراکت میں ہے، جو موریسن کے 200سے زیادہ ڈیلی کنویننس سٹورز چلاتا ہے۔ میک کولز نے کہا ہے کہ موریسن کے ساتھ بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس کے قرض دہندگان نے واضح کر دیا تھا کہ وہ کسی ایسے نتیجے پر نہیں پہنچیں گے جو ان کے لئے قابل قبول ہو۔ میک کولز نے کہا کہ قرض دہندگان کے تحفظ، کاروبار کے مستقبل کو محفوظ رکھنے اور ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لئے بورڈ کو افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کمپنی کو انتظامیہ کے تحت رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا۔ موریسن نے اسے انتہائی مایوس کن، نقصان دہ اور غیر ضروری نتیجہ قرار دیا۔کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے ایک تجویز پیش کی تھی، جس سے آج کے اس اعلان سے بچا جا سکتا تھا کہ زیادہ تر ملازمتوں اور اسٹورز کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ پنشنرز اور قرض دہندگان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے میک کولز کو انتظامیہ کے ماتحت کیا جا رہا ہے۔ موریسن اور میک کولز نے پانچ سال پہلے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے، جس میں موریسن کو دوبارہ لائونچ کیا گیا جوکہ برانڈ سمیت گروسری کی مصنوعات کے لئے کنویننس اسٹور چین کی واحد فراہم کنندہ تھی۔ میک کولز نے اپنے موریسن کنویننس سٹورز کو بڑھانے میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے گزشتہ سال شیئر ہولڈرز سے 30 ملین پونڈز اکٹھے کئے تھے۔ کمپنی پہلے ہی اپنی شاپس کو موریسن ڈیلی اسٹورز بنانے کی کوشش کر رہی تھی لیکن کورونا وائرس کی وبا کے دوران مقامی خریداری میں تیزی سے فائدہ اٹھانے کے لئے اتنی تیزی سے آگے نہیں بڑھی۔ اس کے پاس سروس کے لئے 170ملین پونڈز قرض کے ساتھ کاروبار کی نقد رقم ختم ہو رہی تھی۔ موریسن کئی ہفتوں سے میک کولز اور اس کے قرض دہندگان سے بات کر رہی تھی کیونکہ اس کا مقصد اپنی بقا کو آگے بڑھانا تھا۔ موریسن نے جمعرات کی شام کو ایک بہتر پیشکش کی، جس کے بارے میں سوچا جاتا ہے کہ اس میں میک کولز کے پنشن کے وعدے اور اس کے 170 ملین پونڈز قرض کی ادائیگی شامل ہے۔