اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اسلام آباد میں کینسر اسپتال کا منصوبہ بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ احسن اقبال نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اس منصوبے کو بحال کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں کینسر اسپتال کے قیام کا منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں روک دیا گیا تھا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے ن لیگ کی جانب سے شروع کیے گئے عوامی مفاد کے متعدد منصوبے سیاسی وجوہات کے سبب روک دیئے تھے، تاہم، موجودہ حکومت زیر التواء تمام منصوبے بحال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح عوامی مفاد میں تمام زیر التواء منصوبے بحال کرنا ہے۔