بالی ووڈ کی معروف ہدایتکارہ زویا اختر نے اپنی ویب فلم’دی آرچیز‘ میں بالی ووڈ کے مشہور اداکاروں کے بچوں کو فلم بھارتی فلم انڈسٹری میں متعارف کروادیا ہے۔
حال ہی میں زویا اختر کی نئی فلم’دی آرچیز‘ کا ٹیزر ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا ہے۔
اس ویب فلم کا ٹیزر نیٹ فلکس کے علاوہ یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر بھی شیئر کیا گیا ہے۔
اس ٹیزر میں دیگر کئی اداکاروں کے ہمراہ مشہور بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور اور بگ بی کے نواسے آگستیہ نندا کواداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں جوانی، بغاوت، دوستی، پہلی محبت جیسے جذبات کو بیان کرتا ہوا میوزِک بھی سنا جاسکتا ہے۔
بالی ووڈ کی اس ویب فلم میں’آرچی، بیٹی، ویرونیکا، ریگی، موس اور جگ ہیڈ جیسے 60 کی دہائی کے کلاسک کرداروں کو اور انتہائی مقبول کامک بک سیریز کے تمام کلاسک عناصر کو ہندی ورژن میں ایک نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
آرچی اینڈریوز کا کردار پہلی بار کامک بک’پیپ کامکس‘ میں نمودار ہوا اور پاپ کلچر میں دیوانہ وار مقبولیت بھی حاصل کی اور اب فلمی مداح پر امید ہیں کہ مقبول کامک بک سیریز کا ہندی ورژن بھی دلچسپ ہوگا۔