• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم سی کی دو روزہ انڈر گریجویٹ ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے زیر اہتمام دو روزہ 15 ویں انڈر گریجویٹ میڈیکل ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی جس کا آغاز ڈاکٹر ہالہ رجب ڈائریکٹر یو ایم آر نے خطبہ استقبالیہ سے کیا جنہوں نے حاضرین کو کانفرنس کے مقاصد سے آگاہ کیا جبکہ ڈاکٹر عدنان سعید خان ڈائریکٹر نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد نے کانفرنس اور پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے طلباء کے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں تحقیقی انضمام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام سچائی اور ثبوت کے کلچر کاعلمبردار ہے ، طبی تعلیم میں تحقیق کی اہمیت کے پیش نظر اس طرح کی کانفرنسوں کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ سمیت ملک بھر سے طلباء شرکت کر رہے ہیں۔ تقریب میں زبانی پریزنٹیشنز، تحقیقی کوئزز، طبی مضمون نویسی کے مقابلے اور صحت عامہ، میڈیسن، دانتوں کے امراض اور پبلک ہیلتھ کے متنوع موضوعات پرتحقیقی مقالوں کے علاوہ ویڈیو گرافی کے مقابلے بھی شامل ہیں۔ڈاکٹرعاکف اللہ خان ڈائریکٹر ارنم نیوکلیئر میڈیسن اور مالیکیولر امیجنگ سیشن نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر امیجنگ مختلف تکنیکوں کے ذریعے بیمار انسانیت کی خدمت کر رہی ہے جس سے نہ صرف کینسر کی بروقت تشخیص میں مدد ملتی ہے بلکہ اس سے اس موذی مرض کے علاج میں بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علمی کے دوران تحقیق کی نمائش پیشہ ورانہ مہارت کو پروان چڑھانے کے لئے بہت اہم ہے اس میدان میں پشاور کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کا نمایاں کردارقابل ستائش ہےکالج کے طلباء دیگر کالجوں کے طلباء کے مقابلے میں کئی لحاظ سے نمایاں ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ڈین پشاور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز نے مہمان خصوصی اور کلیدی مقرر کوکالج کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈاکٹر محمد امان خان پرنسپل پی ایم سی نےبھی خطاب کیا۔آج کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کراچی کے صدر اور وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی اسلام آباد کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
پشاور سے مزید