پنجاب کے سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ نے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے معاملے پر ردعمل دیا ہے۔
لاہور سے جیونیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں اجمل چیمہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے عمران خان کا نام اب ہمارے نام سے ہٹ گیا۔
ڈی سیٹ کیے جانےکے الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے پر اجمل چیمہ نے موقف اختیار کیا کہ میں نے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتا تھا، مجھے منحرف رکن نہیں کہا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہے، جس نے جہانگیر ترین جیسے اپنے محسنوں تک کو نہیں بخشا۔
سابق صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے سب نے اُس کا ساتھ چھوڑ دیا، پی ٹی آئی چیئرمین ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حلقے کی بہتری کےلیے اس کا ساتھ دیا تھا مگر سابق وزیراعظم تو ملک میں مہنگائی کا طوفان لے آیا۔