پاکستانی فلم انڈسٹری کے حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔ عیدالفطر پر پانچ فلموں کی نمائش نے دوسرے آنے والے فلم سازوں اور ڈائریکٹرز کو اُمید کا ایک پیغام دیا ہے۔ عید کی پانچوں فلمیں جن میں، گھبرانا نہیں ہے، دَم مستم، پردے میں رہنے دو،چکر اور تیرے باجرے دی راکھی ، شامل ہیں۔ تا حال سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
رواں برس مئی میں پانچ چھ فلموں کی نمائش کے بعد اب فلم سازوں نے جون2022 میں فلمی میلہ سجانے کی تیاری شروع کر دی ہیں۔ ابھی تک پانچ فلمیں جون میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، خوش گوار حیرت کی بات یہ ہے کہ 3جون کو تین پاکستانی فلمیں ایک ساتھ ریلیز کی جا رہی ہیں۔ ان تین فلموں کے بعد احسن خان اور عائشہ عمر کی فلم ’’رہبرا‘‘ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اداکار یاسر حسین کی فلم ’’پیچھے تو دیکھو‘‘ بھی جون2022 میں ریلیز کی جائے گی۔
سب سے پہلے ہم 3جون2022 کو ریلیز ہونے والی تین پاکستانی فلموں کے بارے میں بات کریں گے۔ ان تینوں فلموں میں سب سے اہم اور بڑی فلم ’’کملی‘‘ ہے، جس کے ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ ہیں اور فلم کے مرکزی کردار میں سپر اسٹار صبا قمر بڑے پردے پر ایک مرتبہ پھر جلوے بکھیریں گی۔ سرمد کھوسٹ بہت باصلاحیت اور کام یاب ڈائریکٹر ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈراما اور فلم ڈائریکشن میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے بہ طور اداکار بھی کمال کی اداکاری کی اور پھر ڈائریکشن میں صفِ اول کے ہدایت کار مانے جانے لگے۔ ان کا ڈائریکٹ کیا ہوا ٹیلی ویژن نگری کا گیم چینجر ڈراما ’’ہمسفر‘‘ کو کون فراموش کر سکتا ہے۔
سپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان کی لاجواب اداکاری کی بدولت اس ڈرامے نے نہ صرف پاکستان، بلکہ بھارت میں بھی خُوب مقبولیت حاصل کی، اسی ڈرامے کی وجہ سے فواد خان اور ماہرہ خان کے لیے بالی وڈ کے دروازے کُھلے تھے۔ سرمد کھوسٹ کا ایک اور سپر ہٹ ڈراما ’’باغی‘‘ تھا، جس میں صبا قمر کی یادگار پرفارمینس کو سب یاد کرتے ہیں۔ سرمد کھوسٹ اور صبا قمر کی کیمسٹری خُوب ملتی ہے۔ سرمد کھوسٹ اور جیوفلمز کی کام یاب فلم ’’منٹو‘‘ میں صبا قمر نے ملکہ ترنم نورجہاں کے روپ میں غیر معمولی پرفارمینس کا مظاہرہ کیا تھا۔ ایک مرتبہ پھر سرمد کھوسٹ اور صبا قمر 3جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’’کملی‘‘ میں کمالات دکھانے آ رہے ہیں۔
صبا قمر ان دِنوں شہرت کے ساتویں آسمان کو چُھو رہی ہیں۔ 2022 میں عید پر ریلیز ہونے والی فلموں میں صبا قمر کی فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘، نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ابھی بھی وہ فلم سینما گھروں میں لگی ہوئی ہے۔ فلم ’’کملی‘‘ میں عالمی معیار کی ڈائریکشن اور فن کاروں کی دل جیتنے والی پرفارمینس دیکھنے کو ملی گی۔ فلم کی کاسٹ میں صبا قمر کے علاوہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی جانی پہچانی اداکارہ ثانیہ سعید، نمرہ بُچہ، حمزہ خواجہ، عدیل افضل اور دوسرے فن کار شامل ہیں۔
بھارت اور پاکستانی فلموں کی سپر اسٹار صبا قمر نے ایک ملاقات میں بتایا کہ فلم ’’کملی‘‘ تین خواتین کی کہانی ہے،جسے آپ تین عورتیں ،تین کہانی بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ ٹریجڈی لَو اسٹوری ہے۔ مجھے ایسی فلموں میں کام کر کے بہت اچھا لگتا ہے، جس میں خواتین کو مضبوط اورطاقت ور دکھایا جاتا ہے۔ فلم ’’کملی ‘‘ کے ذریعے بھی کچھ اس طرح کا پیغام دیا گیا ہے۔ فلم کی موسیقی بھی بہت شان دار ہے، عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ایک گانا’’ مکھڑا‘‘ پہلے یہ سوشل میڈیا پر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس کا رسپانس بہت اچھا آ رہا ہے، اس گانے کی موسیقی ذوالفقارعلی نے ترتیب دی ہے۔ اس کی شاعری بابا بلھے شاہ کے کلام پر مبنی ہے۔ یہ فلم کھوسٹ فلمز، ڈسٹری بیوشن کلب اور آئی ایم جی سی کے بینر تلے ریلیز کی جا رہی ہے۔ سرمد کھوسٹ کی ایک اور فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ کو ریلیز سے روک دیا گیا تھا،اب یہ فلم ’’کملی‘‘ کے بعد ریلیز ہو گی۔ سرمد کھوسٹ اپنی فلموں میں سُلگتے ہوئے موضوعات لے کر آتے ہیں، جس سے ان کی فلموں کو عالمی سطح پر بھی پزیرائی حاصل ہوتی ہے۔
’’کملی‘‘ کے ساتھ دو نئی فلمیں اور بھی ریلیز کی جائیں گی، جن میں ایک کا نام ’’کھیل‘‘ اور دوسری فلم کا نام بہت ہی دل چسپ ’’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘‘ ہے۔ بےحد خوشی کی بات ہے کہ ہمارے فلم سازوں نے عیدین کے علاوہ بھی فلمیں ریلیز کرنے کا حوصلہ کیا۔ ٹیلی ویژن ڈراموں کی طرح فلموں میں بھی اب نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔ 3جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’’کھیل ‘‘ پاکستانی کی پہلی ٹین ایجر ایڈونچر فلم ہے، جس کے ڈائریکٹر ظلِ عاطف ہیں، جو اداکارہ بشریٰ انصاری کے کزن بتائے جاتے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں شامل تمام اداکار ٹین ایجرز ہیں۔ فلم میں مرکزی کردار بشریٰ انصاری کے بھتیجے سمیل عاطف ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل اس کا سیکوئل بھی تیار کرلیا گیا ہے، جو رواں برس ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی عکس بندی پاکستان کی خُوب صورت لوکیشن پر کی گئی ہے۔ ان دِنوں فلم کا ٹریلر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ فلم نئی نسل کو پسند آ گئی، تو اس سے پاکستان فلم انڈسٹری کو مزید نیا ٹیلنٹ میسر آ جائے گا۔
دوسری جانب 3جون 2022کو ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ’’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘‘ میں بھی نیا ٹیلنٹ کاسٹ کیا گیا ہے۔ فلم کو طارق اعوان نے لکھا اورفیاض ادریس نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم کو ایور ریڈی پیکچرز کے بینر تلے ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ’’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار ‘‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ کی فلم ’’وجود‘‘ کی ہیروئن سعیدہ امتیاز نئے ہیرو ملک عقیل، ماہرہ بنگس، لیلی ٰ زبیری، ماہ نور ملک، فلم ’’میں ہوں شاہد آفریدی‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نعمان حبیب سمیت دیگر فن کار شامل ہیں۔ فلم کی موسیقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان، امانت علی، ثنا ذوالفقار اور دیگر گلوکاروں کی آواز میں گانے فلمائے گئے ہیں۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ ’’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘‘ نئی نسل کو پسند آئے گی۔ نئی نسل کے مقبول ہیرو احسن خان اور ڈراموں کی خُوب صورت اداکارہ عائشہ عمر کی نئی فلم ’’رہبرا ‘‘ 24جون2022کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے ہدایت کار امین اقبال ہیں، جو اس سے قبل کئی سپر ہٹ ڈراموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ عائشہ عمر اور احسن خان کو دو چار فلموں میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔
احسن خان کی بہ طور ہیرو فلم ’’چکر‘‘ اِن دنوں زیر نمائش ہے، جب کہ عائشہ عمر نے وجاہت رئوف کی فلم’’ کراچی سے لاہور‘‘ میں شان دار پرفارمینس دکھائی تھی۔ فلم کے ڈائریکٹر امین اقبال کا کہنا ہے کہ اس فلم میں ہم دیکھیں گے کہ جب ہماری زندگی اپنا چہرہ بدلتی ہے، تو ہماری سوچ بھی اس کے ساتھ ہی بدل جاتی ہے، لیکن جب ہم اپنے خیالات اور تاثرات پر عمل پیرا ہوتے ہیں، تو زندگی اس کے مطابق نہیں بدل پاتی۔ جیسا کہ فلم میں ایک مخالف کردار کہتا ہے کہ جب صورت حال اتنی خراب ہو جاتی ہے، تو زندگی سے زیادہ موت کی تمنا ہوتی ہے۔ فلم ’’رہبرا‘‘ ہم نے نہایت محبت اور محنت سے تیار کی ہے۔
اس فلم کے کرداروں کے ساتھ ساتھ ہم نے بھی آگاہی کا سفر طے کیا ہے۔ فلم کی پروڈیوسر سائرہ افضل، جو امریکا میں رہتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میرا فلم بنانے کا شوق مجھے اس منفرد سفر کی طرف لے آیا ہے، جو بیرون ملک مقیم کسی ایسی پاکستانی خاتون کے لیے جن کا فلمی صنعت سے کوئی تعلق نہیں،ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے بہت اُمید کے ساتھ یہ فلم بنائی ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ ضرور کام یاب ثابت ہوگی۔ اداکارہ عائشہ عمر اور احسن خان پہلی بار ایک ساتھ پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی عکاسی کے لیے انتہائی شان دار مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔‘‘
جون ہی میں ایک اور مزاحیہ فلم ’’ پیچھے تو دیکھو ‘‘ بھی ریلیز کی جائے گی، جس میں مرکزی کردار مزاحیہ فن کار یاسر حسین اور جُنید اختر کرتے دکھائی دیں گے۔ اُمید ہےکہ جون میں ریلیز ہونے والی فلمیں سینما گھروں سے روٹھے ہوئے فلم بینوں کو واپس لے آئیں گی۔ اب سنیما مالکان کو بھی شکایت کا موقع نہیں ملے گا کہ پاکستان میں فلم سازی کا عمل بہت سُست ہے۔ دو ماہ کے دوران ایک درجن کے قریب فلموں کی نمائش سے فلم میکر اور سنیما مالکان کے درمیان دُوریاں کم ہوں گی۔