• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم، موسیقی، رقص، تھیٹر اور ثقافت کی بہار

جنگ اور جیو کے اشتراک سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کا شان دار انعقاد کیا۔ کئی روز تک فِلم، موسیقی، تھیٹر اورثقافتی رنگوں کی بارش ہوتی رہی۔ 25روز تک 150 ممالک کے سیکڑوں مصوروں، فن کاروں، قوالوں، رقاصوں اور تھیٹر کے آرٹسٹوں نے اپنی دِل چُھولینے پرفارمینس سے شہر قائد میں بسنے والوں کے دِل جیتے۔ 29 اکتوبر 2026 ء کو عالمی ثقافتی میلے کا غیر رسمی افتتاح کیا گیا۔

اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال حمزہ اکرم کی زبردست پرفارمینس سے فیسٹیول آغاز ہوا۔ ان کی پرفارمینس پرشائقین موسیقی رات گئے تک جھومتے رہے۔ رنگارنگ پروگراموں کا اہتمام ایک خواب سا لگتا تھا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور ان کی ٹیم نے اس میں حقیقت کا رنگ سمودیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے فیسٹیول میں گہری دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔

عالمی میلے میں صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقارعلی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے گاہے بگاہے دورہ کیا۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، آئی جی سندھ، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی دُنیا بھر سے آئے عالمی شہرت یافتہ فن کاروں کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول کے پہلے دن روح پرور موسیقی کی محفل نے رنگ جمادیا۔ پاکستان، جاپان، برطانیہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا اور جرمنی کے فن کاروں کی پرفارمینس نے دل جیتے۔ شاہ جو راگ میں نثار بلوچ نے اپنی خوب صورت موسیقی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ افتتاحی تقریب کی نظامت جیو پاکستان کی میزبان ہماامیر شاہ اورعبداللہ سلطان نے عمدہ انداز میں کی۔ اس موقعے پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مہمانوں کا پُرجوش استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک کے بعد قومی ترانے سے کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 ء کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیرسید ذوالفقارعلی شاہ، وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب کھچی، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھوکے علاوہ مختلف ممالک کے مہمان سفارت کاروں میں بھی خصوصی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ محبت کرنے والوں اور صُوفیوں کی دھرتی ہے، فن اور موسیقی لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں، ورلڈ کلچر فیسٹیول، حکومت سندھ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے، جس میں دُنیا بھر سے فن کار اور سفارت کار شرکت کررہے ہیں۔ احمد شاہ نے عالمی ثقافتی میلے کے انعقاد کا جو خواب دیکھا تھا، اسے عملی شکل دے کر150 ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، یہ ایک تاریخی کام یابی ہے، میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہُوں۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل کی تقدیر29 جولائی 2016ء کو بدلی، جب مراد علی شاہ نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد آرٹس کونسل کا دورہ کیا، تو نامکمل عمارت دیکھ کر 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی فوری ہدایت کی۔

افتتاحی تقریب میں صدر آرٹس کونسل، احمد شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے
افتتاحی تقریب میں صدر آرٹس کونسل، احمد شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حیدرآباد، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں آرٹس کونسل کے مراکز قائم کیے گئے، ہم سندھ بھر کے سیکڑوں باصلاحیت نوجوانوں، موسیقاروں اور مصوروں کی سرپرستی کر رہے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ آرٹس کونسل کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، سندھ انتظامیہ، پولیس اور بلدیہ کے تمام اعلیٰ حکام کا بھرپور تعاون آرٹس کونسل کی کام یابی کا ضامن ہے۔

آرٹس کونسل نے 40مختلف سفارت خانوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ کیا۔ برٹش کونسل، گوئٹے انسٹی ٹیوٹ، الائنس فرانسیس اور جرمن قونصل خانے نے فن کاروں کے اخراجات خود برداشت کیے، ایک سال کے دوران بین الاقوامی پارٹنرز کی تعداد 4 سے بڑھ کر یورپی یونین سمیت62تک پہنچ چکی ہے، تمام دوستوں نے ایک آواز پر ورلڈ کلچر فیسٹیول کے لیے دل کھول کر مدد کی۔

دوسری جانب احمد پرویز آرٹ گیلری میں پہلی بین الاقوامی آرٹ نمائش ’’Method & Madness‘‘ کا افتتاح میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کیا۔ نمائش میں بین الاقوامی اورپاکستانی آرٹسٹوں کے فن پارے پیش کیے، جن میں کینیا، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا، بنگلہ دیش، جرمنی، ایران اور پاکستان کے فن کاروں کا تخلیقی کام شامل ہے۔

اس موقعے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام فن کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے فن کاروں کی میزبانی کرنا کراچی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ دُنیا بھر سے تیسری مرتبہ بین الاقوامی فن کاروں نے کراچی کا رُخ کیا۔‘‘ فیسٹیول میں معروف ہسپانوی رقص Flamenco کی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا، جب کہ موسیقی سے بھرپور شام  Music of the soul میں پاکستان، جاپان، برطانیہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا اور جرمنی کے فن کاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جونا سیرتا، بشارت بابر، زندہ دلان گروپ نے اپنی منفرد پرفارمینس سے محفل کو چار چاند لگائے۔

فیسٹیول میں  روح پرور موسیقی کی شان دار محفل نے رنگ جمایا۔ پاکستان، جاپان، برطانیہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا اور جرمنی کے فن کاروں کی پرفارمنس نے دل جیتے۔ شاہ جو راگ میں نثار بلوچ نے اپنی خوب صورت موسیقی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ شاہ جو راگ (Shah Jo Raag) سندھ کی صوفیانہ موسیقی کی ایک قدیم روایت ہے، جس کا تعلق حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام سے ہے اور اس میں تمبورے کے ساتھ صوفیانہ کلام پیش کیا جاتا ہے۔

جاپان سے تعلق رکھنے والی جونا سیرتا کی دل کش پرفارمینس نے شائقین کے دل جیتے۔ زندہ دلان گروپ نے مختلف ممالک کی ثقافتی موسیقی کے رنگ بکھیرے۔ بشارت بابر نے اپنی منفرد پرفارمینس سے محفل کو چار چاند لگائے۔ موسیقی کی دھنوں نے مختلف فن کاروں کی پرفارمینس پر حاضرین نے تالیاں بجاکر بھرپور داد دی۔ میلے میں ’’لیلی مجنوں کی داستان‘‘ بھی مقبول ہوئی۔

’’سُر سنگیت سوہنی دھرتی‘‘ میں اختر چنار کی دِل چُھولینے والی پرفارمینس کو بے حد سراہا گیا۔ میلے میں مختلف ممالک کے فن کاروں کی رقص پرفارمنس کا جادو بھی چلتا رہا۔ امریکا، برطانیہ اور برازیل کے فن کاروں نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ عالمی ثقافتی میلے کے چوتھے روز کا اختتام ’’Beats Galore‘‘پر ہوا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فن کاروں نے اپنی شان دار ڈانس پرفارمینس پیش کی۔

اس پروگرام میں امریکا کیValerie Green، برطانیہ کے Josh Middleton &Rebecca Solomon، ایکواڈور کے Away Runakuna، برازیل کے Cia Livre de Dança da Rocinha، سنگاپور کی Sherene Joseph اور کروشیا کیTina Zubovic & Sovapa Students نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب طنز و مزاح سے بھرپورتھیٹر ’’تعلیمِ بالغان‘‘ پیش کیا گیا۔ اس موقعے پرہاوس فل تھا اورقہقہوں کی بارش ہوتی رہی۔ یہ واحد ڈراما تھا، جسے فیسٹیول کے مختلف دنوں میں تین مرتبہ پیش کیا گیا۔

ساتویں روز ناروے، اٹلی، فرانس اور امریکا کے فن کاروں کی لاجواب پرفارمینس، موسیقی، تربیتی ورکشاپس شائقین کی توجہ کا مرکز بنے۔ مزاحیہ تھیٹر ’’گھن چکّر‘‘ اور تحریکِ نسواں کا تھیٹر ڈراما ’’منٹو میرا دوست‘‘ بھی پسند کیا گیا۔ فیسٹیول کے دسویں روز کا شان دار اختتام بین الاقوامی میوزیکل کنسرٹ ’’Folk Nights: Roots & Roads‘‘ پر ہوا، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نام وَر موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنی روایتی اور جدید موسیقی سے فیسٹیول کو چار چاند لگائے۔

میوزیکل کنسرٹ میں بلوچستان کے معروف لوک موسیقار استاد نور بخش نے اپنی منفرد بلوچی موسیقی اور روایتی سازوں کی دل کش دُھنوں سے سامعین کو مسحور کیا، جب کہ خیبر پختون خوا کے معروف فوک فیوژن بینڈ ’’خماریاں‘‘ نے خیبر اور بولان کی موسیقی کے امتزاج سے حاضرین کو خُوب محظوظ کیا۔ کنسرٹ میں کینیا سے تعلق رکھنے والے معروف موسیقار Makadem نے ملٹی انسٹرومنٹل پرفارمنس پیش کی، جب کہ کینیا کی گلوکارہ Adela Mwende اور باس پلیئر Radek Bond Bednarz نے بھی اپنی پرفارمینس سے محفل کو چار چاند لگائے۔

فیسٹیول کے گیارہویں روز بین الاقوامی ڈانس کنسرٹ میں بھی مختلف ممالک کے نام ور فن کاروں نے اپنی شان دار پرفارمینس پیش کی۔ ڈانس کنسرٹ میں فرانس کے لیجی ٹیم اوبسٹروژن (Legiteam Obstruzion)، تھائی لینڈ کی نٹایا چولا (Nattaya Chula)، ناروے کے نوید رضوانی (Navid Rezvani) اور کیتھرین مشیلے (Cathrine Michelet) جب کہ فلپائن کے لوک فن کاروں (Folk Performance) نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، اس کے علاوہ آربٹ ڈانس بیٹل کے فاتح نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب جون ایلیا لان میں ’’میلوڈی میجک ود عبدالحنان‘‘ کے عنوان سے موسیقی کی خصوصی محفل منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے فن کاروں جیمبروز، منیب خان، اکبر خمیسو خان ،عبدالحنان اور دانیال ظفر نے اپنی لاجواب پرفارمینس سے محفل میں رنگ جمایا۔ 14ویں روز کا اختتام سندھ کی روایتی موسیقی پر مبنی میوزیکل پروگرام ’’مہران نائٹ‘‘ پیش کیا گیا، جس میں صحرائے تھر کی سُریلی آواز مائی ڈھائی، وہاب بگٹی، مظہر حسین اور رجب فقیر نے شان دار پرفارمینس دی۔

اس موقعے پر سندھ کے روایتی سازوں کی دھنوں پر لوک گیتوں نے سماں باندھ دیا۔ صحرائے تھر کی کوئل کا لقب پانے والی مائی ڈھائی کی منفرد آواز نے شرکاء کو جُھومنے پر مجبور کر دیا۔ آرٹس کونسل کی عمارت میں تِل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ 16ویں روز کا اختتام ڈانس اور میوزیکل پروگرام ’’Eclectic Rhythms‘‘ پر ہوا، جس میں چلّی کے معروف فن کار Sergio Catalán، متحدہ عرب امارات، شام، تیونس، امریکا اور سوڈان کے محمد آدم اور انڈونیشیا کے لوک فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

پروگرام میں پاکستان کی جانب سے مانی چاؤ، نگہت چوہدری، فرخ دربار اور آرٹس کونسل کے سوپاوا کے فن کاروں نے بھی پرفارم کیا۔ نگہت چوہدری کے گروپ کو زیادہ پسند کیا گیا۔ نام وَر قوال رضوان اور معظم نے اپنی پُراثر آواز میں استاد نصرت فتح علی خان کو ٹریبیوٹ پیش کر کے چار چاند لگائے۔ میلے میں ڈانس نائٹ کے چرچے بھی خوب رہے، اسپین، روس، جاپان اور پاکستان کے ڈانس گروپوں نے دُھوم مچائی۔

’’ڈانس نائٹ‘‘ میں پاکستان کی معروف رقاصہ شیما کرمانی ، اسپین کے لا کوباریز فلامینکو (La Cob ariz Flamenco)، روس کے ماسکو نائٹس (Moscow Nights)، جاپان کے اتسوشی کریو (Atsushi Crew) اور پاکستان کے آہنگ (Aahang) گروپ نے رقص کی مختلف پرفارمنس پیش کیں۔ پروگرام میں مختلف ممالک کے رقص اور ثقافتی روایات کو اجاگر کیا گیا۔

اس سال فیسٹیول میں 80 سے 85 فی صد فن کار نئے تھے، جن میں رقاص، موسیقار، تھیٹر آرٹسٹ، فلم ساز، ہدایت کار، مصور اور مجسّمہ ساز شامل تھے۔ فیسٹیول کی 98 فی صد سرگرمیاں عوام کے لیے مفت تھیں، مختلف ممالک کی قدیم موسیقی اور فنون کو متعارف کرانے کے ساتھ نئے فنکارانہ تجربات بھی کیے گئے۔ سنگاپور سے تعلق رکھنے والی معروف فنکارہ شیریں جوزف (Sherene Joseph) کی کلاسیکی رقص MOHINIYATTAM ورکشاپ بھی منعقد ہوئی۔

انہوں نے شرکاء کو اس قدیم کلاسیکی رقص کی بنیادی حرکات و سکنات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موہنی آٹم کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے ہے اور اس کے نام کا مطلب ’’رقص کرنے والی مسحور کن حسینہ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے استاد نے انہیں اس رقص میں فطرت کی پیروی کرنا سکھایا، جب کہ آنکھوں کی حرکت اور جسم کے مخصوص پٹھوں کا استعمال اس رقص میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔

اس رقص میں عموماً آف وائٹ اور سنہری رنگ کا لباس پہنا جاتا ہے۔ فلم اسکریننگ میں پاکستانی فلم ’’زومبیڈ‘‘ (Zombied) دکھائی گئی، جس میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلم سے لطف اندوز ہوئے۔ حریم فاروق اور فیصل قریشی کی نئی فلم ’’مینگو جٹ‘‘ نے بھی فیسٹیول میں توجہ حاصل کی۔

اختتامی تقریب کے چرچے بہت رہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ فن کاروں کے ساتھ سجاد علی، نور بخش اور ساحر علی بگا نے اپنی شان دار پرفارمینس سے اسے یادگار بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ہم نے دیکھا کہ فیسٹیول سے واپسی پر درجنوں فن کاروں کی آنکھیں نم تھیں، وہ پاکستان کی مہمان نوازی کا دل کی گہرایوں سے شکریہ ادا کررہے تھے۔ فیسٹیول کی کام یابی میں جنگ اور جیو کی شان دار کوریج نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ آرٹس کونسل اور احمد شاہ کے کام یاب فیسٹیول نے پاکستان کا نام دُنیا بھر میں روشن کیا۔

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید