• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں پانی کا بہاؤ 40 فیصد کم، دریائے سندھ میں بھی بڑی کمی

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ملک بھر میں پانی کا بہائو 40 فیصد کم، دریائے سندھ میں بھی پانی کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ جس کے سبب ارسا نے صوبوں کے حصے میں کمی کردی ہے، دی نیوز نے جب بلوچستان کے احتجاج سے متعلق ارسا ترجمان سے سوال کیا تو وہ خاموش رہے۔ تفصیلات کے مطابق، ملک بھر میں پانی کا بہائو تشویش ناک حد تک کم ہوگیا ہے۔ صرف ایک روز میں پانی 1 لاکھ 57 ہزار کیوسک سے کم ہوکر 1 لاکھ 45ج ہزار کیوسک رہ گیا ہے، اس طرح پانی کا خسارہ 27 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد ہوگیا ہے۔ تاہم، نہروں میں سندھ اور پنجاب میں 50 فیصد کمی کے ساتھ پانی مل رہا ہے، جو کہ 10 سے 12 فیصد خسارے کے ساتھ ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ پیر کے روز تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر پہنچ گئی تھی، جب کہ منگلا ڈیم اور چشما بیراج میں میں بھی پانی صرف 0.191 ایم اے ایف رہ گیا ہے۔ جب کہ ایک روز قبل منگلا اور چشما میں پانی کی سطح 0.221 ایم اے ایف تھی۔ ترجمان ارسا خالد ادریس رانا نے دی نیوز کو تصدیق کی ہے کہ پانی کا خسارہ 40 فیصد تک بڑھ چکا ہے اور ارسا نے اسی کے مطابق صوبوں کے پانی کے حصے میں تبدیلی کی ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کا بہائو 68 ہزار 900 کیوسک سے کم ہوکر 66 ہزار 300 کیوسک رہ گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ اسکردو کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہوکر 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہوجانا تھا۔ رواں ماہ کے ابتدائی 10-15 روز میں دریائے سندھ میں پانی کا بہائو بہتر ہوا تھا لیکن اور اس میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ کمی 10 سے 12 روز جاری رہے گی۔ خالد ادریس رانا کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب کو اب 40 فیصد کمی کے ساتھ پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ پنجاب کو 73 ہزار کیوسک اور سندھ کو 74 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ جب کہ بلوچستان کو 13 ہزار کیوسک اور خیبر پختون خوا کو 3 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا نے تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول 2 فٹ بڑھا کر 1398 فٹ کردیا ہے۔ پانی کی سطح میں کمی کی سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ دیگر اہم دریا جیسا کہ جہلم، چناب اور کابل میں بھی پانی کا بہائو کم ہوا ہے کیوں کہ وہاں درجہ حرارت میں بہتری نہیں آئی ہے اور بارشیں بھی نہیں ہوئیں۔ دریائے جہلم اور چناب میں پانی کا بہائو گزشتہ 45 سال کے مقابلے میں 45 فیسد کم ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید