• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لے، حنیف راجہ، گلاسگو میں تقریب

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی ممتاز سماجی و سیاسی و ادبی شخصیت عامر بٹ نے کونسلر حنیف راجہ کے گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ بننے کی خوشی میں ان کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ تقریب کاانعقاد کیا جس میں چیدہ چیدہ عمائدین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر بیلی کونسلر حنیف راجہ نے اپنے خطاب میں بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو تلقین کی کہ آپ جس ملک میں بھی رہ رہے ہیں اس کی ترقی و کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ مقامی سیاست میں بھرپورحصہ لیں اور اپنے پسندیدہ نظریات کی حامل کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل ہوں۔ حنیف راجہ نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں دلچسپی لینا ہماری اپنے آبائی وطن سے محبت کو ظاہر کرتی ہے اور یہ ایک فطری بات ہے لیکن بیرون ملک پاکستانی سیاسی جماعتوںکی برانچ بنانا اور اس میں عہدےحاصل کرنے کے لئے حصہ لینا مناسب نہیں۔ اس سے سوائے کمیونٹی کو تقسیم کرنے کے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا، اگر ہم اپنی توانائیاں مقامی سیاست میں صرف کریں تو اس طریقے سے ہم یہاں اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ کر نہ صرف کونسلر، ممبران پارلیمنٹ اور لارڈ میئر و وزیر بن کر مقامی ملک کی خدمت کر سکتے ہیں بلکہ اپنے آبائی ملک پاکستان کی بھی بہتر طور پرخدمت کر سکتے ہیں، دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیوں جن میں کشمیر و فلسطین وغیرہ شامل ہیں آواز بلند کر سکتے ہیں۔ عامر بٹ، ندیم عظمت اور رانا راشد نے بیلی کونسلر حنیف راجہ کو تیسری بار منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ ماضی کی طرح کمیونٹی کی شاندار طور پر خدمت انجام دیتے رہیں گے۔ ان رہنمائوں نے حنیف راجہ کو برطانیہ بھر میں مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے پر انجام دی گئی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے انس رانا، طاہر رانا، رانا محمد خاں،عدیم احمد،محمدرمضان،عمران علی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

یورپ سے سے مزید