• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آئسکریم قلفی فیکٹری سیل‘40مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ ، قلعہ سیف اللہ اور حب میں ناقص خوراک کی فراہمی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئےایک آئسکریم قلفی فیکٹری سیل جبکہ 13 ملک شاپس سمیت 40 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ ڈائریکٹر آپریشنزہیڈ کوارٹر طارق حسین کے مطابق سبزل روڈ میں موجود آئسکریم قلفی بنانے والی فیکٹری کو پروسیسنگ ایریا میں گندگی ، مکھیوں کی بھرمار،غیر صحت بخش حالات ، قلفی کی تیاری میں مضر صحت کھلے نان فوڈ گریڈ کلرز ، غیر معیاری مصنوعی مٹھاس اور مجموعی پروسیسنگ میں زنگ آلود پانی کے استعمال ، قلفی پیکنگ پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم موجودگی پر سربمہر کیا گیا ۔ قلعہ سیف اللہ اور رکنی میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے زونل ڈائریکٹر شراف الدین کی سربراہی میں ناقص اشیاء کی تیاری و فروخت پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 31 متفرق مراکز پر جرمانے عائد کئے ، جرمانہ کئے گئے مراکز میں 8 ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس ، 5 ملک شاپس ، 3 جنرل اسٹورز ، 2 ہولسیلرز ، 4 گوشت کی دکانیں اور 6 کوس و آئسکریم کارنرز شامل تھے ۔ قبل ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے شکایات موصول ہونے پر بی آر سی کالج لورالائی کی کینٹینز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ، حکام نے کینٹینز میں طلباء کو فراہم کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا ، اس موقع پر کالج پرنسپل منصورالرحمان بھی موجود تھے ، بی ایف اے حکام نے کینٹینز کی انتظامیہ و ورکرز کی جانب سے فوڈ سیفٹی کے حوالے سے کی جانے والی غلطیوں و نقائص کی نشاندہی کی ، جس پر منتظمین نے بی ایف اےحکام کو آئندہ تمام ضروری اقدامات کرنے و احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی یقین دہائی کرائی۔ مزید برآں حب میں زونل ٹیم نے ملک سیفٹی ٹیم کے ہمراہ دودھ میں ملاوٹ پر 8 ملک شاپس پر جرمانے عائد کر دئیے ، زونل ڈائریکٹر سجاد علی کے مطابق متعدد دودھ فراہم کرنے والے مراکز سے سیمپلز لیکر موبائل لیب کے ذریعے موقع پر چیک کئے گئے ، ٹیسٹ کردہ نمونوں میں سے 8 مراکز کا دودھ ملاوٹی پایا گیا ، جس پر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید