• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کا آغاز

جنگ رپورٹ

پاکستان اور سری لنکا کی خواتین کر کٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پاکستان کے کلین سوئپ کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی، بدھ سے دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز کے لئے آمنے سامنے ہو نگیں، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، کراچی میں ہونے والی اس سیریز کے دوران مہمان کھلاڑیوں نے بھر پور لطف اٹھایا۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کھیل کے دوران انہیں بڑا مزہ آیا، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شان دار کار کردگی کا مظاہرہ کیا، تینوں میچوں میں کامیابی کے بعد پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کے حوصلے خاصے بلند ہیں اور وہ پرعزم ہیں کہ ون ڈے سیر یز میں بھی فتح پاکستان کا مقدر بنے گی، پاکستان کے لئے یہ سیریز اس اعتبار سے اہم ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو رواں سال کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مدد گار ثابت ہوا، قومی کھلاڑیوں کو سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کے ساتھ کھیل کر اپنی خامیوں کا بھی اندازہ لگانے میں مدد ملی۔

سیریز میں پاکستان ویمنز کی قیادت بسمہ معروف اور سری لنکا ویمنزکی کپتانی چماری اتا پاتو نے کی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ جب پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آئیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک 13 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آچکی تھیں، جہاں چھ مرتبہ پاکستان اور چھ مرتبہ سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہواتھا۔ 

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان ساتویں جبکہ سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کی انعم امین اور ڈیانا بیگ کا اس طرز کی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی دس خواتین بولرز میں شمار ہوتا ہے۔ مہمان اسکواڈ کی کپتان اتا پاتو بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔ آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں ندا ڈار کا نواں نمبر ہے۔یہ 16 سال بعد سری لنکا ویمنز کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے پاک سری لنکا ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان ویمنز نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر کلین سوئپ کردیا۔ 

پاکستان ویمنز ٹیم نے آخری ٹی 20میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 108 رنز کا ہدف آخری گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 107 رنز بنائے، کپتان چماری اتاپتو 37 اور ہسینی پریرا 24 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، کائنات امتیاز اور طوبیٰ حسن نے 1،1 وکٹ حاصل کی، پاکستان ویمنز ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 6 وکٹ پر حاصل کرلیا،کپتان بسمہ معروف کو پلیئر آف دی میچ اور طوبیٰ حسن کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کپتان پاکستان خواتین ٹیم بسمہ معروف نے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف سریز شان دار رہی اب ہماری نظریں ون ڈے مقابلوں پر مرکوز ہے۔ 

ورلڈکپ کے بعد اب یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئی شروعات ثابت ہوئی۔ رواں سال پاکستان ویمنز ٹیم کو بہت سیریز کھیلنی ہیں، سری لنکا کے خلاف یہ سیریز کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں خاصی مددگار ثابت ہوئی، کھلاڑیوں کو بڑے مقابلے کا تجربہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جونیئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوئی۔ان کنڈیشنز میں سری لنکا کی ٹیم آسان حریف نہیں تھی۔

کپتان سری لنکا ویمنز ٹیم چماری اتاپاتو نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ہوم گرائونڈ پر آسان حریف نظر نہیں آئی وہ پاکستان کی سرزمین پر اس کی مضبوط خواتین ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے پر بہت خوش ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں۔ یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز بھیشاندار رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ سری لنکا ویمنز ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین توازن موجود ہے۔ امید ہے ان کی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید