لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستان کے سابق وزیرخارجہ میاں خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ مودی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی کشمیری عوام کو ان کا حق مل جائے گا، لاہور میں جنگ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی بھارتی عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں اور کشمیر کے حوالے سے اپنی سیاست کو چمکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج نہیں تو کل مودی کی حکومت کے خاتمہ کے ساتھ ہی کشمیر کے عوام کو ان کا حق مل جائے گا اور کشمیر کو اصل حالت میں بحال کرنا پڑے گا۔ سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ مودی کی پالیسیاں نہ صرف خطے کے دوسرے ممالک کے لئے بلکہ خود بھارت کیلئے بھی نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کی اپنی حیثیت ہوتی ہے اور سب کو اپنے مفادات عزیز ہوتے ہیں۔ مودی یہ جان لے کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اگر مودی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو خطے میں امن قائم نہیں رہ سکے گا۔