دو روز قبل انتقال کر جانے والے ایم این اے عامر لیاقت حسین کے بیٹے کی والد کےجنازے میں زار و قطار روتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
عامر لیاقت حسین کی تدفین عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی جبکہ نمازِ جنازہ ان کے صاحبزادے احمد عامر نے پڑھائی۔
اب سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین کی نمازِ جنازہ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُن کی مغفرت کے لیے دُعا کروائی جارہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت حسین کا صاحبزادہ والد کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا۔
احمد عامر کے ساتھ موجود افراد اس مشکل وقت میں اُنہیں حوصلہ دیتے نظر آئے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عامر لیاقت حسین کے اہلخانہ کے لیے صبر کی دُعا کی جارہی ہے اور ساتھ ہی مرحوم کی مغفرت کے لیے بھی دُعا کی گئی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ عبداللّٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ادا کی گئی۔
ان کی نمازجنازہ میں شرکت کے لیے اہلخانہ، دوست احباب عزیز و اقارب شریک ہوئے، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، فاروق ستار اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔