• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشین میں آلائشوں سے مضر صحت گھی بنانیوالا یونٹ سیل‘12مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ پشین ہائی وے اور پشین شہر میں ناقص خوراک کی فراہمی پر کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشوں سے مضر صحت گھی بنانے والا ایک یونٹ سیل جبکہ زائد المیعاد ، پابندی عائد اشیاء خوردونوش کی فروخت اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 مختلف مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ بی ایف اے حکام کے مطابق زائد المیعاد کولڈڈرنکس ، مصالحے ، پیکٹ دودھ اور مضر صحت کلرز برآمد ہونے پر 5 جنرل اسٹورز کو جرمانہ کیا گیا، 3 بیکریوں کے خلاف صفائی کی خراب صورتحال ،باسی مٹھائیوں اور کیمیکل ملا دودھ و دہی فروخت کرنے جبکہ باسی و بدبودار گوشت رکھنے ، دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور گندگی پر 2 میٹ شاپس کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ دوران معائنہ ایک مصالحہ شاپ سے بڑی مقدار میں ممنوعہ چائنیز نمک برآمد جبکہ ایک ہوٹل میں صفائی کی صورتحال ناقص اور استعمال شدہ و خراب کوکنگ آئل دوبارہ استعمال کیا جارہا تھا۔ مراکز سے ضبط کردہ ناقص ، زائد المیعاد و ممنوعہ اشیاء موقع پر تلف کردی گئیں۔ مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی زونل ٹیم نے سوراب میں جنرل اسٹورز ، ہوٹلوں ، نان شاپس اور گوشت کی دکانوں کی چیکنگ کی اور 4 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کئے ، ہوٹلوں کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے ، ورکرز کی ذاتی صفائی کی بری حالت اور باسی کھانے برآمد ہونے پر ایکشن لیا گیا ۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے ہوٹل مالکان و ورکرز کو صفائی کی صورتحال ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنے اور بی ایف اے کی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ،علاوہ ازیں معمولی نقائص پر 6 دیگر کھانے پینے کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید