لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)لاہور کے علاقہ سندر میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے بچے کو اغوا کرنے والادوسرا ملزم سی آئی اے اقبال ٹاؤن کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا،ملزم کا ایک ساتھی محمدشہباز چند روز قبل مناواں میں پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔ایس پی سی آئی اے عاصم کمبوہ کے مطابق ملزم نے ساتھیوں سے ملکر5سالہ عریض کو10کروڑروپے تاوان کیلئے اغوا کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والا اویس مرکزی ملزم تھا،جس کودیگرملزمان کی نشاندہی کے لیے لے جایاجارہا تھا ،اس کوچھڑانے کیلئے ساتھیوں نے فائرنگ کردی ۔ ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال تائون محمد علی بٹ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے خلاف مقدمات درج تھے، پولیس ان کے مزید ساتھیوں کو گرفتار کرنا چاہتی تھی ،تاہم ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔