• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ نے جولین اسانج کی امریکا حوالگی کی منظوری دیدی، وکی لیکس کا اپیل کرنے کا اعلان

کراچی/لندن(نیوزڈیسک/ ہارون مرزا) برطانوی وزیر داخلہ نے جولین اسانج کی امریکاحوالگی کی منظوری دیدی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عدالتوں کو نہیں لگتا کہ امریکا حوالگی سے اسانج کے انسانی حقوق متاثرہوں گے،فیصلے کیخلاف 14دن میں اپیل کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب وکی لیکس نے کہا ہے کہ یہ آزادی صحافت اور برطانوی جمہوریت کے لیے ایک سیاہ دن ہے، فیصلہ لڑائی کا خاتمہ نہیں،فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ اسانج کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 14 دن ہیں۔وزارتِ داخلہ نے کہا کہ عدالتوں کو نہیں لگتا کہ اسانج کی امریکا کو حوالگی سے ’ان کے انسانی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتی‘ اور یہ کہ امریکہ میں رہتے ہوئے ’ان کے ساتھ مناسب سلوک روا رکھا جائے گا۔‘جولین اسانج امریکی حکام کو 2010 اور 2011 میں لیک ہونے والی دستاویزات کے حوالے سے مطلوب ہیں۔2019 میں لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے سے نکالے جانے کے بعد سے اسانج برطانوی جیل میں رہ رہے ہیں۔ ایکواڈور نے ان کو دی جانے والی سیاسی پناہ واپس لے لی تھی، جس کے بعد برطانوی پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا تھا۔ وکی لیکس نے اس فیصلے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ آزادی صحافت اور برطانوی جمہوریت کے لیے ایک سیاہ دن ہے۔ وکی لیکس نے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ لڑائی کا خاتمہ نہیں ہے، اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔مئی 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے اسانج کے خلاف جاسوسی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 17 الزامات عائد کیے تھے۔ اس وقت بھی وہ برطانیہ میں ضمانت کی خلاف ورزی پر جیل کاٹ رہے تھے۔ امریکا نے ان پر الزام لگایا کہ وکی لیکس کے ذریعہ حاصل کردہ مواد نے کئی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔جولین اسانج کی قانونی ٹیم نے دعویٰ کیا کہ وکی لیکس کی طرف سے شائع کردہ خفیہ دستاویزات، جو عراق اور افغانستان کی جنگوں سے متعلق ہیں، امریکہ کے غلط کاموں کو بے نقاب کرتی ہیں اور عوامی مفاد میں تھیں۔اسانج کی اہلیہ سٹیلا نے کہا کہ ان کے شوہر نے ’کچھ غلط نہیں کیا،وہ ایک صحافی اور پبلشر ہیں، اور انھیں اپنے کام کی سزا دی جا رہی ہے۔

یورپ سے سے مزید