ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی پندرہ سب سے بڑی انجینئرنگ کمپنیوں میں شامل مین ہارٹڈ نامی سنگاپورین انجینئرنگ کمپنی جو سالانہ پچیس ارب ڈالر کا ٹرن اوور کرتی ہے، اس کمپنی کے پاکستانی سربراہ ڈاکٹر نسیم شہزاد بھی پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کے معترف نکلے۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں ماضی میں اسحاق ڈار نے بہترین معاشی پالیسیاں ترتیب دے کر پاکستان کو ناصرف معاشی مشکلات سے نکالا بلکہ پاکستان کو دنیا کی بیس بہترین معیشتوں میں بھی شامل کرایا تھا۔
یقین ہے کہ اسحاق ڈار مستقبل میں بھی پاکستان کو معاشی مسائل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ڈاکٹر نسیم شہزاد کی کمپنی نے دبئی کے برج خلیفہ کے بعد ملائشیا میں دنیا کی دوسری سب سے اونچی بلڈنگ مکمل کی ہے۔
روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ ان کی کمپنی کے دنیا کے 55 سے زائد ممالک میں دفاتر ہیں جبکہ دنیا کے 70 سے زائد ممالک میں ان کے منصوبے زیرِ تکمیل ہیں جن میں برطانیہ کے 6 شہروں میں وہ کمرشل ٹاورز سے لے کر ٹاؤن پلاننگ جیسے منصوبے شامل ہیں۔
ڈاکٹر نسیم شہزاد نے بتایا کہ ان کے ادارے میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں جن کا تعلق دنیا کے 24 ممالک سے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں وہ میاں نواز شریف کو لاہور میں اسمارٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ پیش کرچکے ہیں تاہم بعض مسائل کے سبب اس کا آغاز نہیں ہوسکا جبکہ کراچی میں وہ دنیا کی بہترین اور جدید ترین ہائی رائز بلڈنگ کریک مرینہ کی تعمیر کر رہے ہیں جو آخری مراحل میں ہے ماضی میں اس حوالے سے بعض مسائل تھے جو اب حل کرلیے گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب جمہوریت اور سیاسی استحکام کی سخت ضرورت ہے تاکہ 70 سالوں سے معاشی مسائل میں گھرے ہوئے عوام کو ریلیف حاصل ہوسکے۔
ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ ریاست پاکستان کو چاہیے کہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملک کے مفاد میں بہترین لوگوں کو ملک کی خدمت کرنے کا موقع دے جس میں وزارت خزانہ کے لیے اسحاق ڈار سے بہتر کوئی چوائس نہیں ہوسکتی۔