• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ بیانات پردنیا بھر کے مسلمانوں سے معافی مانگی جائے، مقررین، بلجیم میں انڈین قونصلیٹ پر مظاہرہ

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کیخلاف بلجیم کی پاکستانی کمیونٹی نے انڈین ایمبیسی کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس مظاہرے میں خواتین اور بچوں کے علاوہ بنگلہ دیشی کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی جبکہ پاکستانی کمیونٹی میں موجود تمام جماعتوں کی قیادت اور پاکستانی مساجد کے تمام علما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں حضور اکرم سے محبت کے اظہار کیلئے آپؐ کے نام کے کتبے اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین میں شامل جامع مسجد نورالحرم کے امام وخطیب علامہ عبد الطیف قادری، جامع مسجد عابدین کے امام وخطیب علامہ انصر نورانی، جامعہ اسلامیہ کے امام حافظ عامر، جامع مدینتہ الرسول کے امام وخطیب علامہ حسنات احمد بخاری، ختم نبوت مرکز اینٹورپن کے امام وخطیب مولانا حاجی عبدالحمید و دیگر علماء نے قرآن و حدیث کی روشنی میں ایک مسلمان کی حضوؐر سے محبت کو بیان کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شان رسالت میں گستاخی اور مسلمانوں کی دل آزاری پر ساری دنیا کے مسلمانوں سے معافی مانگی جائے۔ مظاہرے میں مسلم لیگ ن کے صدر حاجی پرویز، شیخ ماجد اور اس پروگرام کے آرگنائزرز شکیل گوہر، غلام ربانی، بابو زاہد بھدر اور مہر عبدالمالک نے بے جے پی کے رہنماؤں کی اس گستاخی کو مسلمانوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔ انہوں نے انڈیا میں اس بیان کے بعد ہونے والے مظاہروں پر پولیس کے مظالم کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انڈین حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مسلمان دشمنی پر مشتمل پالیسیوں سے باز آجائے۔ اس مظاہرے میں اینٹورپن سے بھی ایک بڑے قافلے نے شرکت کی اور حضور سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض افتخار احمد نے انجام دیئے۔ 

یورپ سے سے مزید