• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ میں تین قومی ٹی 20 کیلئے راضی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ میں تین قومی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ ٹیم انگلینڈ سے سیریز کھیل کر چار اکتوبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے ہفتے کو جنگ کو بتایا کہ 1992ورلڈ کپ میں بھی ہم ایک ماہ پہلے آسٹریلیا گئے تھے۔ نیوزی لینڈ نے ہمیں دعوت بھیجی تھی۔ وہ قبول کرلی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل انگلش بورڈ کی سیکورٹی ٹیم پاکستان آکر انتظامات کا جائزہ لے گی۔ ہم ٹی ٹوئنٹی میچ بڑے شہروں میں کرانا چاہتے ہیں۔ البتہ انگلینڈ کے تین میں سے ایک ٹیسٹ چھوٹے شہر میں بھی کرائیں گے۔ انگلش ٹیم 12 دن میں سات میچ کھیلے گی اس لئے چھوٹے شہروں میں میچ نہیں کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد یوسف پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہیں گے البتہ آسٹریلیا میں ہم مقامی نالج کے لئے میتھیو ہیڈن کو لیں گے اسی طرح سری لنکا میں بھی ٹیم انتظامیہ چاہے تو اپنی مدد کے لئے پاکستانی کوچز کو رکھ سکتی ہے۔ذاتی طور پر پاکستانی کوچز کی حق میں ہوں ۔ ٹیم معاملات میں تمام اختیارات کپتان کو دیے ہوئے ہیں۔نئے فیوچر ٹور پروگرام میں مقامی سرمایہ کاروں کی مدد سے تین قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرائیں گے۔