• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روایت کے برعکس پی سی بی چیئرمین کی کھلاڑیوں سے ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کراچی میں مصروف دن گزارا اور شام کی چائے پر ٹیسٹ،انٹر نیشنل اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کو پانچ ستارے والے ہوٹل میں مدعو کیا، متعدد کھلاڑیوں کے لئے یہ دعوت حیران کن تھی کیوں کہ عام طور پر ایسی کوئی روایت نہیں رہی بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ بعض ایسے کھلاڑی بھی تھے جنہیں شاید اس سے قبل کسی نے مدعو نہیں کیا تھا۔رمیز راجا نے کرکٹرز سے تجاویز لیں اور انہیں اپنے پلان سے آگاہ کیا۔کراچی میں رمیز راجا سے ان کرکٹرز نے بھی ملاقات کی جو پی سی بی سے منسلک ہیں اور کچھ کرکٹرز ماضی میں پی سی بی سیٹ اپ کا حصہ رہ چکے ہیں۔ شام کی چائے پر جاوید میانداد، ہارون رشید، وسیم باری، توصیف احمد ،فیصل اقبال، سلیم جعفرشعیب محمد، صادق محمد،راشد خان ،عاصم کمال، حارث خان،محمود حامد،تنویر احمد،سعید آزاد اور عبدالرقیب بھی شامل تھے۔انہوں نے کرکٹ میں بہتری کے لئے مشورے کئے اور سب کی رائے سنی۔ان میں کچھ فرسٹ کلاس کرکٹرز بھی شامل تھے۔پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن جاوید قریشی بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔کرکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں پی سی بی کے ایک افسر نے واٹس ایپ کے ذریعے ہوٹل آنے کی دعوت دی۔