• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کا یوکرین کیلئے مزید ایک بلین پونڈ کی فوجی امداد دینے کا اعلان

لندن (پی اے )برطانیہ نے یوکرین کیلئے اپنی فوجی امداد کو کم وبیش دگنا کرتے ہوئے یوکرائن کوکومزید ایک بلین پونڈ کی فوجی امداد دینے کااعلان کردیا۔نئے اعلان کے تحت اب یوکرائن کو 2.3 بلین پونڈ کی فوجی امداد فراہم کی جائے گی برطانیہ یوکرائن کو انسانی بنیادوں اور اقتصادی سپورٹ کیلئے بھی 1.5 بلین پونڈ کی امداددے چکاہے ،وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ کی امداد سے یوکرائن کا دفاع مضبوط ہورہاہے۔برطانیہ کی جانب سے یوکرائن کو مزید امداد دینے کافیصلہ یوکرائن کے صدر کی جانب سے نیٹو کے رہنمائوں سے مزید امداد کی اپیل کے جواب میں کیاگیاہے ۔یوکرائن کے صدر زیلنسکی کا کہناہے کہ یوکرائن کو اپنے دفاع پر ماہانہ 5 بلین ڈالر خرچ کرنا پڑ رہے ہیں ،یوکرائن کو امریکہ کے بعد سب سے زیادہ فوجی امداد برطانیہ دے رہاہے ،امریکہ نے حال ہی میں یوکرائن کو 40 بلین ڈالر مالیت کے بھاری جنگی ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ برطانیہ نے یوکرائن ٹینک شکن میزائل فراہم کئے تھے اور اب بھاری جنگی ہتھیار فراہم کررہاہے ۔ نئی برطانوی امداد میں جدید ترین فضائی دفاعی نظام ،ڈرونز ،الیکٹرانک جنگی سازوسامان اور ہزاروں اہم کٹس شامل ہوں گی ۔یوکرائن کو فراہم کی جانے والی ایک بلین پونڈ کی نئی امداد کی رقم اداروں کے اخراجات میں کٹوتی کے ذریعے حاصل کی جائے گی جبکہ 95 ملین ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے بجٹ سے حاصل کئے جائیں گے،قومی دفتر شماریات کے مطابق روان سال مارچ تک سرکاری اداروں کے قرضوں کی مالیت 151.8 بلین پونڈ تک پہنچ چکی تھی۔امداد کا اعلان کرتے ہوئے برطانوی حکومت نے دعویٰ کیا کہ اس یوکرائن کو روس سے اپنے علاقے واپس لینے میں مددملے گی ،میڈرڈ میں نیٹو کے رہنمائوں کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے یوکرائن کے صدر نے کہاتھا کہ اسے روسی آرٹیلری کی پیشقدمی روکنے کیلئے جدید اسلحہ کی ضرورت ہے روس روزانہ جنگ پر اربوں ڈالر خرچ کررہاہے جبکہ ہم کئی بلین ڈالر کے خسارے میں ہیں، ہمارے پاس یہ خسارہ ختم کرنے کیلئے تیل اور گیس نہیں ہے ۔ادھر اسپین کے دارالحکومت میں تقریر کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ پوٹن کی سفاکی پورے یورپ کی سلامتی اور امن کیلئے ایک خطرہ ہے یوکرائن کے عوام پر ان کے حملے میں شدت آتی جارہی ہے ،برطانیہ اس کامقابلہ کرنے کیلئے یوکرائن کو جدید اسلحہ اور تربیت فراہم کررہاہے ،وزیر خارجہ لز ٹرس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ برطانیہ کی امداد سے یوکرائن کو کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔جب ان سے سوال کیاگیا کہ کیا ایک بلین کی امداد یوکرائن کو درکار امداد کی ضرورت پوری کرسکے گی تو انھوں نے کہا کہ برطانیہ اس ملک کو اپنی معیشت کا دوبارہ آغاز کرنے اور اس کی تعمیر نو کیلئے فراہم کررہاہے یہ سادہ چیک نہیں ہے ہم مخصوص فنڈنگ کررہے ہیں ہم واضح کرچکے ہیں کہ ہم انھیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ہم ان کی مدد جاری رکھیں گے۔
یورپ سے سے مزید