• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مسلمان سمیت کوئی اقلیت محفوظ نہیں‘ سینیٹر ثمینہ زہری

کوئٹہ (پ ر) بھارت میں مسلمان سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ۔اقلیتوں خاص کر مسلمانوں پر بھارتی مظالم اور ان سے ناروا سلوک کے واقعات دن بدن بڑھتے جارہے ہیں ۔بھارتی حکومت مسلمانوں پرتشدد مظالم اور ان کے گھروں کی توڑ پھوڑبند کرے۔ ان خیالات کا اظہارسینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف بھرپور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور احتجاج کرنے والے نہتے مسلمانوں پر بھارتی پولیس کے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ بھارت میں پرامن احتجاج کرنے والے مسلمانوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور ان پر تشدد کے واقعات کے بعد بھارت کے جمہوریت پسند ہونے کے کھوکھلے نعرے کی حقیقت ساری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے ۔ حالیہ واقعات میں بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر آواز اٹھانے والے مسلمانوں پر حکومت تشدد کر کے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ مظاہرین پر طاقت کا بے تحاشا استعمال انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے حراست میں لئے گئے مظاہرین کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں پر زندگی اتنی تنگ کر دی گئی ہے کہ احتجاج کرنے والے مسلمانوں کے گھروں پر بھارتی پولیس چھاپے ماررہی ہے اور انہیں ناکردہ جرم کے الزام میں گرفتار کر رہی ہےجو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے ۔
کوئٹہ سے مزید