کراچی ( نیوز ڈیسک)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تصدیق کی ہے کہ منکی پاکس کی نئی لہر سے متاثر ہونے والے مزید دو مریض ہلاک ہوگئے، جس کے بعد نئی لہر سے اموات کی تعداد تین ہوگئی۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے 8 جولائی کو اپنے بیان میں بتایا کہ رواں برس مئی میں یورپ سے شروع ہونے والی منکی پاکس کی نئی لہر سے اب تک کی مجموعی اموات کی تعداد تین ہوگئی۔رپورٹ میں واضح نہیں کیا گیا کہ مزید دو نئی اموات کس ملک میں ہوئیں، اس سے قبل بھی عالمی ادارے نے جون میں نئی لہر سے متاثر پہلے مریض کی موت کی تصدیق کی تھی۔اگرچہ منکی پاکس کی نئی لہر سے عالمی ادارہ صحت نے اب تک تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم رواں برس ہی اب تک براعظم افریقہ میں اس سے 77اموات ہو چکی ہیں۔