• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق جاپانی وزیراعظم کو انتخابی مہم کے دوران ریٹائرڈ نیوی اہلکار نے قتل کردیا

ٹوکیو (عرفان صدیقی /اے ایف پی )جاپان کے سابق وزیراعظم کو انتخابی مہم کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا ، اےا یف پی کے مطابق جاپان کے شہر نارامیں شنزوآبے ایک انتخابی مہم میں شریک تھے کہ انہیں ایک ریٹائرڈ نیوی اہلکار نے دو گولیاں ماریں ، جس کے بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایاگیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے،شنزو آبے کے قتل پر امریکا ،ملکہ برطانیہ ،فرانس ،اقوام متحدہ اور بھارت سمیت دیگر ممالک نے مذمت کرتے ہوئے واقعے کو افسوسناک قرار دیا ، شنزو آبے کو عالمی رہنمائوں نے خراج تحسین پیش کیا، پولیس نے کہا ہے کہ مشتبہ شخص کی ایک ’مخصوص تنظیم‘ سے رنجش تھی۔انھوں نے گروپ کا نام لیے بغیر کہا کہ مبینہ بندوق بردار، جس کا نام ٹیٹسوا یاماگامی ہے، کا خیال تھا کہ آبے اس گروپ کا حصہ تھے اور اسی وجہ سے انھیں گولی مار دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے نارا شہر میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ حملہ ایک تقریب کے دوران ہوا جہاں ان پر دو بار گولی چلائی گئی جس میں سے ایک ان کی پیٹھ پر لگی۔ گولی لگنے کے بعد شنزو آبے زمین پر گر گئے۔ٹوکیو کے سابق گورنر یوئچی ماسوزی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ 67 سالہ سابق وزیر اعظم حملے میں زخمی ہونے کے بعد کارڈیو پلمنری اریسٹ کی حالت میں تھے۔جاپان میں یہ اصطلاح کسی شخص کی باضابطہ طور پر موت کی تصدیق سے قبل استعمال کی جاتی ہے۔چیف کیبنٹ سیکرٹری ہیروکازو ماٹسونو نے واقعے کے بعد رپورٹرز کو بتایا تھا کہ ’سابق وزیر اعظم کو نارا شہر میں ساڑھے 11بجے کے قریب گولی ماری گئی۔ ایک شخص، جس پر حملہ آور ہونے کا شبہ ہے، حراست میں لیا جا چکا ہے۔‘انھوں نے کہا تھا کہ ’وجہ جو بھی ہو، ایسے ظالمانہ قدم کو کسی طرح بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز نظر آئیں، جن کی تصدیق نہیں کی جا سکی، جن میں پیرا میڈیکل ا سٹاف کو ایک گلی میں شنزو آبے کے گرد گھیرا ڈالے دیکھا گیا۔ اس واقعے کے بعد ان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب یہ حملہ ہوا۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک شخص کو دیکھا جس نے ایک بڑی گن تھامی ہوئی تھی اور اس نے عقب سے فائر کیا۔پہلی گولی غالبا شنزو آبے کو نہیں لگی لیکن دوسری گولی ان کی پیٹھ میں جا کر لگی جس کے بعد وہ زمین پر گرے۔ سکیورٹی نے فوری طور پر مبینہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا جس نے فرار ہونے کی کوئی کوشش نہیں کی۔مقامی براڈ کاسٹر این ایچ کے نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شنزو آبے ہوش میں تھے جب ان کو فائرنگ کے بعد اس جگہ سے نکالا گیا۔ پولیس نے حملہ آور کی گن قبضے میں لے لی اور اس کی شناخت بھی کی جا چکی ہے۔پولیس کی حراست میں ملزم کی شناخت 41 سالہ ٹیٹسوا یاماگامی کے طور پر ہوئی ہے جو نارا شہر کے رہائشی اور جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفینس فورس کے سابق ممبر ہیں جسے نیوی کے برابر سمجھا جاتا ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے حملہ آور کے گھر کی تلاشی لی ہے اور انھیں وہاں سے کچھ ایسا مواد ملا ہے جو پولیس کے خیال میں بارود ہو سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید