شیشہ ایک نان کرسٹل لائن بے شکل ٹھوس مواد ہے، جو عموماً شفاف ہوتا ہے۔ تعمیرات میں یہ مختلف طریقوں سے استعمال ہوتا ہے۔ تعمیر کے لیے استعمال ہونے والے شیشے میں خام مال (سیلیکا، سوڈیم پوٹاشیم کاربونیٹ، لیڈ، لیڈ آکسائیڈ، اور مینگنیز آکسائیڈ) کا مرکب ہوتا ہے۔ گلیزنگ مواد عام طور پر سوڈا لائم شیٹ گلاس سے بنایا جاتا ہے۔ اسے شیٹس میں فلوٹ یا رول کیا جاتا ہے، پھر اسکورنگ اور اسنیپنگ یا لیزر کٹنگ کے عمل میں ڈائمنڈ ٹپڈ کٹنگ ٹولز یا واٹر جیٹس کے ذریعے مختلف سائز میں کاٹا جاتا ہے۔
شیشے کو تھرمل یا کیمیائی ٹیمپرنگ کے ذریعے مضبوط اور گرم ہونے کے دوران خم دیا اور موڑا جا سکتا ہے۔ کچھ مینوفیکچررز مخصوص کاموں جیسے اسکریچ کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے یا الٹراوائلٹ لائٹ کو روکنے کے لیے سطح کی کوٹنگز شامل کرتے ہیں۔ اسٹرکچرل گلیزنگ اب ہر جگہ موجود ہے اور جدید فن تعمیر کے پیچھے ایک اہم جمالیاتی عنصر ہے۔
دنیا بھر کے جدید شہروں میں شیشے کے فرنٹ والی بلند و بالا عمارتوں کی بہتات نظر آتی ہے۔ اسٹین لیس اسٹیل کی فٹنگز میں شیشے کے پینلز لگائے جاتے ہیں ہے تاکہ جدید فلک بوس عمارت کی شکل بنائی جا سکے۔ تعمیرات میں مختلف قسم کے شیشے مختلف کام یا افعال انجام دیتے ہیں۔ ذیل میں تعمیر کے لیے استعمال ہونے والے شیشے کی اہم اقسام کا ذکر کیا جارہا ہے۔
رنگین شیشہ
جب بھی عمارت کے اندرونی حصوں کو سورج کی روشنی سے تحفظ کی ضرورت ہو تو رنگین شیشہ (کرومیٹک گلاس) استعمال کیا جاتا ہے۔ اسپتال کے آئی سی یو، میٹنگ رومز اور ہوائی اڈوں میں لوگوں کو روشنی کی چکاچوند سے محفوظ رکھنے کے لیے اس قسم کے شیشے استعمال کیے جاتے ہیں۔ الیکٹرک لیمینیشن کے طریقوں سے کرومیٹک گلاس تیار کیا جا سکتا ہے، جوکہ الیکٹرو کرومک گلاس کہلاتا ہے۔ تھرمو کرومک گلاس گرمی سے حساس لیمینیشن اور فوٹو کرومک گلاس روشنی سے حساس لیمینیشن کے ساتھ بنایا گیا ہے۔
توانائی کی بچت والا شیشہ
عمارتوں کو توانائی کی لاگت کم رکھنے میں مدد کرنے کے لیے توانائی کی بچت والے شیشے (انرجی ایفیشینٹ گلاسز) کی اقسام تیار کی گئی ہیں۔ اسے فلوٹ شیشے کی شیٹ کے ایک طرف پتلی کوٹنگ لگاکر بنایا جاتا ہے۔ کوٹنگ سورج سے توانائی (روشنی اور حرارت) کو شیشے کے پینلز سے صرف ایک سمت میں ہی گزرنے دیتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کھڑکیوں پرجب سورج کی روشنی پڑے تو وہ ریڈی ایٹرز کے طور پر کام کرسکیں۔
فلوٹ گلاس
فلوٹ گلاس یا سوڈا لائم گلاس تعمیرات میں استعمال ہونے والے شیشے کے پینل کی اہم قسم ہے۔ شیشے کی دیگر اقسام فلوٹ شیشے کے پینلز میں کوٹنگز شامل کرکے یا معیاری فلوٹ شیشے کی ساخت یا طریقہ میں ترمیم کرکے بنائی جاتی ہیں۔ فلوٹ گلاس کو کیلشیم سیلیکیٹ اور سوڈیم سیلیکیٹ کے ساتھ بنایا گیا ہے۔ یہ نام پیداواری عمل سے آیا ہے، پگھلا ہوا شیشہ پگھلے ہوئے ٹن پر ڈالا جاتا ہے، جہاں یہ فلوٹ کرتا ہے۔
مائعات (liquids) ایک دوسرے کو پیچھے ہٹاتے ہیں تاکہ فلوٹنگ گلاس پگھلی ہوئی دھات کے اوپر کی سطح کو ڈھکنے کے لیے پھیل جائے۔ جب شیشہ ٹھنڈا ہو جاتا ہے، تو یہ ٹن سے جڑے بغیر سخت ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد، اسے ہٹا کر پروسیس کیا جا سکتا ہے۔ فلوٹ گلاس 2ملی میٹر اور 20ملی میٹر کے درمیان موٹائی میں بنایا جا سکتا ہے اور عام طور پر 6 کلوگرام اور 36 کلوگرام فی اسکوائر میٹر کے درمیان وزنی ہوتا ہے۔ ایسا فلوٹ گلاس جو ٹریٹمنٹ سے نہ گزرا ہو، اسے ہاتھ سے کاٹے جانے والے شیشے کے ٹولز کی مددسے بآسانی کاٹا جا سکتا ہے۔
شیشے کے بلاکس
شیشے کے بلاکس ایک ساتھ دو شیشوں کو آپس میں جوڑ کر بنائے جاتے ہیں۔ جس طرف سے یہ جڑتے ہیں، اس جانب سے وہ پگھلے ہوئے ہوتےہیں جس کی وجہ سے درمیانی حصہ کھوکھلا نظر آتا ہے۔ اس کا استعمال آرائش کے لیے کیا جاتا ہے تاکہ کسی منظر کو دھندلا کرتے ہوئے روشنی کو اندر آنے کی اجازت دی جا سکے، جیسے کہ باتھ رومز اور گلی کی سطح پر بنی کھڑکیوں کے لیے۔
انسولیٹڈ گلیزنگ
انسولیٹڈ گلیزنگ کھڑکی یا دروازے کی چوکھٹ کے شیشے کے درمیان ہوا کی تہوں کو پھنسا کر اضافی تھرمل انسولیشن فراہم کرتی ہے۔ ڈبل گلیزنگ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی قسم ہے، لیکن عمارتوں میں توانائی کی کارکردگی پر بڑھتے ہوئے خدشات کے ساتھ ٹرپل گلیزنگ یونٹ زیادہ عام ہو رہے ہیں۔
لیمینیٹڈ گلاس
لیمینیٹڈ گلاس کو شیشے کی متعدد تہوں کے ساتھ بنایا جاتا ہے، جس میں ایک شفاف، لچکدار بونڈنگ مواد کے ساتھ تہوں کو ایک ساتھ جوڑا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر الٹراوائلٹ کے خلاف مزاحم اور ساؤنڈ پروف ہوتا ہے، اور سخت ایپلی کیشنز جیسے شیشے کی چھتوں اور واک ویز کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
کرچی نہ ہونے والا شیشہ
کرچی نہ ہونے والا شیشہ (Shatterproof glass) پلاسٹک پولی وینائل بیوٹرال ریزن سے بنایا گیا ہے، جو ٹوٹنے پر اسے کرچی کرچی ہونے سے روکتا ہے۔
شیٹ یا فلیٹ گلاس
شیٹ گلاس ویسے تو فلوٹ گلاس کی بنسبت کم مضبوط ہوتا ہے لیکن یہ پیداوار میں سستا ہونے کے ساتھ جلد تیار ہوجاتا ہے۔ یہ پگھلے ہوئے شیشے کو رولر سے گزار کر نسبتاً فلیٹ فنش بنانے کے لیے بنایا جاتا ہے۔ شیٹ گلاس اپنی کم طاقت کی وجہ سے صرف گرین ہاؤسز یا آرائشی ایپلی کیشنز کے لیے موزوں ہے۔
ٹینٹڈ گلاس
شیشے کی رنگت (tinting)سیلیکا مکسچر میں بہت سے رنگین ایجنٹوں میں سے ایک کو شامل کرکے حتمی شیشے کو رنگنے کے لیے حاصل کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر آئرن آکسائیڈ سبز رنگ جبکہ سلفر شیشے کو نیلا بناتا ہے۔
سخت شیشہ
سخت شیشہ (Toughened Glass)یا ٹیمپرڈ شدہ شیشہ پوری تعمیراتی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کے ٹوٹنے کا امکان کم کرنے کے لیے اسے ٹیمپر کیا جاتا ہے۔ اگر یہ ٹوٹ جاتا ہے، تو یہ گول کناروں کے ساتھ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں ٹوٹتا ہے۔ سخت شیشہ عام طور پر کرچی بھی نہیں ہوتا۔ یہ کسی بھی ایسی ترتیب میں استعمال کیا جاتا ہے جہاں پینل ٹوٹنے کا خطرہ ہو، جیسے کہ شاور اسکرین، گارڈ ریلز، اور باورچی خانہ۔
وائرڈ گلاس
وائرڈ گلاس دراصل سخت شیشہ ہے، جس میں شیشے کے اندر ایک تار کی جالی لگی ہوتی ہے۔ یہ ٹوٹنے یا شگاف پڑنے کی صورت میں شیشے کے پینل کو اپنی جگہ پر رکھنے کا کام کرتا ہے۔