• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی خاتون 10 سال تک وکی پیڈیا پر روس کی جعلی تاریخ لکھتی رہی

ایک چینی خاتون نے 10 سال تک وکی پیڈیا پر روس کی تاریخ سے متعلق سیکڑوں جعلی اور فرضی معلومات درج کیں۔

چین کے مختلف اخبارات میں رپورٹ شائع ہوئی ہے کہ ایک خاتون نے اکیلے ہی وکی پیڈیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ جعلی معلومات کا اندراج کیا۔

خاتون نے 10 سال تک روس کی تاریخ پر 200 جھوٹے آرٹیکلز لکھے جن میں جعلی مقامات، واقعات اور کرداروں کے نام تھے۔

اس حوالے سے اس وقت معلوم ہوا جب ایک چینی ناول نگار یفان نے اپنی نئی کتاب لکھنے کے لیے چین کے وکی پیڈیا کو استعمال کرنا شروع کیا۔

یفان کو کاشین کے نام سے چاندی کی کان سے متعلق معلومات بہت دلچسپ لگیں اور وہ اس کے بارے میں پڑھتے رہے۔

بعد ازاں انہوں نے روس کے ذرائع سے چاندی کی کان کے بارے میں جاننا چاہا تو انہیں پتا چلا کہ اس نام کی کوئی کان کبھی تھی ہی نہیں۔

یوں یفان نے مزید ریسرچ کی اور انہیں پتا چلا کہ چینی وکی پیڈیا پر درج تمام معلومات ایک ہی خاتون نے کی ہیں جو جعلی ہیں۔

ناول نگار یفان کے انکشاف کے بعد وکی پیڈیا نے اس معاملے کی تحقیقات کیں تو پتا چلا کہ 10 سال سے زائد عرصے تک ایک ہی خاتون مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے جعلی روسی تاریخ لکھ رہی تھیں اور انہوں نے سیکڑوں آرٹیکلز لکھے۔

ان آرٹیکلز میں فرضی کہانیاں تھیں، فرضی جنگیں اور فرضی کردار تھے جنہیں جوڑ کر جعلی تاریخ لکھی گئی۔

خاتون کی شناخت زیماؤ کے نام سے ہوئی، وکی پیڈیا پر انہوں نے اپنے تعارف میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ روس میں تعینات ایک سفارتکار کی بیٹی ہیں اور ان کے پاس روسی تاریخ کی ڈگری ہے لیکن جب ان کا یہ جھوٹ آشکار ہوا تو انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں، ان کے پاس صرف کالج کی ڈگری ہے لیکن ان کا تخیل بہت وسیع ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید