پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، ہوم ٹیم کو گرین کیپس پر 40 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ وہ ایک وکٹ سے محروم ہوگئے۔
سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں جہاں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی وہیں ایک مرتبہ پھر مردِ بحران کپتان بابر اعظم نے ایک یادگار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے خسارے سے بچالیا۔
قومی ٹیم جہاں 112 رنز پر ہی 8 وکٹوں سے محروم ہوگئی وہاں ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر کپتان بابر اعظم نے 106 رنز جوڑے۔
انہوں نے 9ویں وکٹ پر پہلے حسن علی کے 36 اور پھر 10ویں وکٹ پر نسیم شاہ کے ہمراہ 70 رنز جوڑ کر ٹیم کا خسارہ کم سے کم کرتے ہوئے صرف 4 رنز تک پہنچادیا۔
قومی ٹیم 218 رنز بنا کر پویلین لوٹی، اس اننگز میں بابر اعظم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 7ویں سنچری بھی بنائی۔
انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
سری لنکا کی جانب سے پربتھ جےسوریا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ مہیش ٹھیکشانا اور رمیش مینڈس 2، 2 جبکہ کاسن راجیتھا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرے روز کا کھیل آؤٹ فیلڈ گیلی ہوجانے کے سبب تاخیر کا شکار ہوا تھا۔
گال ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، لیکن میزبان ٹیم 66 اعشاریہ 1 اوورز میں 222 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔