کولمبو (نیوزڈیسک) سری لنکا کے قائم مقام صدر اور 6بار کے وزیراعظم رانیل ورکرما سنگھے ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔انہیں 134ووٹ ملے جبکہ مدمقابل امیدوار کو 84ووٹ ملے ۔ صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وکرما سنگھے نے کہا کہ اس وقت قوم بہت مشکل صورتحال میں ہے اور ہمارے آگے بہت بڑے چیلنجز ہیں۔ نومنتخب صدر نے ملک میں سیاسی استحکام اورآئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکیج کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا۔ وکرما سنگھے نے اپوزیشن جماعتوں سے ملک کی بہتری کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں دارالحکومت کولمبو میں بدھ مندر میں دعا کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وکرما سنگھے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کے خلاف سخت کارروائی کریں گے جسے وہ غیر جمہوری طریقہ قرار دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ حکومت گرانے کی کوشش کرتے ہیں، صدر کے دفتر اور وزیر اعظم کے دفتر پر قبضہ کرتے ہیں، تو یہ جمہوریت نہیں ہے، یہ قانون کے خلاف ہے، ہم ان کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹیں گے۔ ہم مظاہرین کی ایک اقلیت کو سیاسی نظام میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والی خاموش اکثریت کی اُمنگوں کو دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔