کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائی کورٹ نے سید مہدی کاظمی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے دعا زہرا کو لاہور کے شیلٹر ہوم سے کراچی کے شیلٹرہوم منتقل کرنے کے لیئے تفتیشی افسر کو اجازت دے دی۔ عدالت نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر دعا زہرا اپنے شوہر کے ساتھ بھی ناخوش ہے اور ساتھ رہنا نہیں چاہتی ، والدین سے بھی خوفزدہ ہے اسلیے شیلٹر ہوم میں رہنا مناسب ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے فیصلہ سناتے ہوئے تفتیشی افسر کو دعا زہرا کو شیلٹرہوم کراچی منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے مہدی کاظمی اور ملزم کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔ کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے۔ دعا زہرا کیس کا مرکزی کردار ہے اس کی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔ اس سے پہلے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دعا زہرا کی بازیابی سے متعلق والد مہدی کاظمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میں خود درخواست واپس لیتا ہوں۔ متعلقہ فورمز پر رجوع کرنا چاہتا ہوں۔عامر نیاز ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں ظہیر کا وکیل ہوں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نیا تفتیشی افسر کون ہے؟ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے تفتیشی افسر کو سننا ہے۔ ڈی ایس پی شوکت شاہانی نے کہا کہ میں سابق تفتیشی افسر ہوں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں بھی لڑکی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ کراچی کے شیلٹر ہوم بھی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہوں گے۔