کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گال میں دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن پاکستان کو جیت کے لئے مزید419رنز کا مشکل ہمالیہ سر کرنا ہے جبکہ سری لنکا کو سیریز برابر کرنے کیلئے 9وکٹیں درکار ہیں۔پاکستان کو بیٹرز سے مراتھن اننگز درکار ہیں۔ پاکستان کوشش کرے گا کہ میچ کے آخری دن تین سیشن گذار ٹیسٹ ڈرا اور سیریز جیت لی جائے۔ موسم کا بھی کردار اہم ہوگا بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بدھ کو جب خراب روشنی کی وجہ سے 26اوورز قبل چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 89رنز بنائے تھے۔ قبل ازیں دھننجیا ڈی سلوا کی نویں سنچری کی بدولت سری لنکا نے دوسری اننگز360رنز8وکٹ پرڈیکلیئر کردی۔ پاکستان کو جیت کے508کا ریکارڈ ہدف ملا۔ اوپنر امام الحق 46اور کپتان بابر اعظم 26رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ دونوں کی شراکت میں47رنز بن چکے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں160رنز کی اننگز کھیلنے والےعبداللہ شفیق16رنز بناکر پرباتھ جے سوریا کی گیند پر غیر ذمے داری سے اسٹروک کھیلتے ہوئے کیچ ہوئے ۔ پہلی وکٹ پر42رنز بنے۔ سری لنکا نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 176 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ کپتان دیموتھ کرونا رتنے اور دھننجیا ڈی سلوا چھٹی وکٹ کی شراکت میں 126رنز کا اضافہ کیا۔ کرونا رتنے کے خلاف نعمان علی کی بولنگ پر دو مرتبہ ایل بی ڈبلیو کی اپیلیں ہوئیں لیکن دونوں مرتبہ پاکستانی ٹیم کے ریویو ضائع گئے۔ کرونا رتنے 61 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر شارٹ لیگ پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ ویلا لاگے18 رنز پر محمد نواز کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے آٹھویں وکٹ پر82 رن کا اضافہ کیا۔ کپتان کرونا رتنے کو دھننجیا ڈی سلوا کی سنچری کا انتظار تھا۔ وہ یاسر شاہ کی براہ راست تھرو پر 109 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے توانہوں نے اننگز ڈیکلیئر کر دی ۔ رمیش مینڈس نے45 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی ۔ انھوں نے حسن علی کے ایک اوور میں لگاتار تین چوکے مارے۔ نسیم شاہ نے44اور محمد نواز نے75رنز دے کر دو دو جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ80 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ نعمان علی اورآغا سلمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ حسن علی میچ میں کوئی وکٹ نہ لے سکے۔